چینی سیاحوں کا پُرجوش خیرمقدم۔ | تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

چین میں اسپرنگ فیسٹیول کی آٹھ روزہ تعطیلات کے دوران ، عالمی سیاحتی مقامات چینی سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرنے کے خواہاں ہیں ، جس سے عالمی سیاحت کے فروغ کی بہت زیادہ امیدیں ہیں۔ چینی سیاحوں کی گلوبل اہمیت کا اندازہ یہاں سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ایک ویڈیو پیغام میں تھائی لینڈ کے وزیر اعظم سریتھا تھاویسن نے خود چینی سیاحوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا  کیونکہ یہ ملک کے لیے سیاحت کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چینی سیاحوں کو تھائی لینڈ میں ایک خوشگوار اور محفوظ تجربہ ہو گا۔سیاحت کے مزید فروغ کی خاطر چین اور تھائی لینڈ نے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔تھائی چائنیز ٹورازم الائنس ایسوسی ایشن کے مطابق یہ پیش رفت سفر کو آسان بنائے گی اور معاشی فوائد کو فروغ دینے کا بہترین طریقہ کار ہوگی۔

یہ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ 10 سے 17 فروری تک جاری رہنے والی موسم بہار کے تہوار کی تعطیلات کے دوران دو سے اڑھائی لاکھ  کے درمیان چینی سیاح تھائی لینڈ میں داخل ہوں گے۔ جنوب مشرقی ایشیائی ملک 2024 ء تک چین سے 8ملین سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو 2023ء کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ ہے اور 2019ء میں وبائی صورتحال سے پہلے کے عروج کا 75 فیصد ہے۔اسی طرح سنگاپور، جس نے گزشتہ ماہ ہی چین کے ساتھ ویزا فری معاہدے پر  دستخط کیے ہیں، نے گزشتہ سال اپنے سیاحتی شعبے میں بحالی کا تجربہ کیا، جس میں چینی سیاحوں کا تناسب سرفہرست رہا ہے۔حکام کو توقع ہے کہ رواں سال بھی اُن کی سیاحت کی صنعت میں مزید بہتری آئے گی ، جس کی وجہ بہتر عالمی فضائی رابطے اور صلاحیت کے ساتھ ساتھ چین کے ساتھ باہمی 30 روزہ ویزا فری سفر کا نفاذ ہے۔

علی بابا کے ٹریول پلیٹ فارم “فلیگی” پر اسپرنگ فیسٹیول کی تعطیلات کے دوران ملکی اور غیر ملکی مقامات کے لیے بکنگ میں اضافہ ہوا ہے اور بیرون ملک سفر کے لیے بکنگ میں 2023 کے مقابلے میں 15 گنا اضافہ ہوا ہے۔تھائی لینڈ، ملائیشیا اور سنگاپور جیسے ممالک کی جانب سے چینی سیاحوں کے لیے ویزا کی شرائط ختم کیے جانے کے بعد صارفین غیر ملکی مقامات کی سیاحت کے خواہش مند ہیں، یہ انفرادی اور گروپ دونوں دوروں کے لئے ایک احیاء کی مانند ہے۔

دوسری جانب گھریلو سطح پر ، چین بھر میں سیاحتی بیوروز فعال طور پر مقامی پرکشش مقامات کو فروغ دے رہے ہیں اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے جدید حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔ منفرد مقامی روایات جیسے مخصوص ڈریسنگ اپ، روایتی رقص اور لذیذ کھانوں کی حامل ان کوششوں کا مقصد اسپرنگ فیسٹیول تعطیلات کے دوران زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے۔شمال مشرقی ہیلونگ جیانگ صوبے کے دارالحکومت “آئس سٹی” ہاربین نے آئس اینڈ اسنو سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اپنے موسم سرما کے منظر نامے سے بھرپور فائدہ اٹھایا، نئے سال کی تین روزہ تعطیلات کے دوران 3 ملین سے زیادہ سیاحوں کو اپنی طرف راغب کیا اور 5.91 بلین یوآن (تقریباً 831.6 ملین امریکی ڈالر) کی مجموعی سیاحتی آمدنی حاصل کی، یہ دونوں اعداد وشمار ریکارڈ بلندیوں تک پہنچ گئے ہیں۔

چائنا ٹورازم اکیڈمی کے مطابق ، 2024 چین کی سیاحت کی صنعت کے لئے ایک بڑا سال ہوگا ، جو “ایک نئے خوشحال دائرے” میں داخل ہوگا۔اکیڈمی کے مطابق چینی سیاحوں کی جانب سے رواں سال 6 ارب سے زائد ملکی دورے متوقع ہیں جو 2023 میں 4.9 ارب سے زیادہ ہیں جبکہ چینی سیاحوں کے بیرون ملک سفر کی تعداد 13 کروڑ تک پہنچنے کی توقع ہے جو گزشتہ سال کے 8 کروڑ 70 لاکھ سے زائد کے مقابلے میں ایک بڑا اضافہ ہے۔اقوام متحدہ کی ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن (یو این ڈبلیو ٹی او) کے نزدیک بھی سیاحت کے اعتبار سے مضبوط 2023 کے بعد، بین الاقوامی سیاحت 2024 میں وبائی صورتحال سے پہلے کی سطح پر بحالی کی راہ پر گامزن ہے، ان میں سیاحتی طلب میں اضافہ، فضائی رابطے کا فروغ، اور ایشیائی مارکیٹوں اور مقامات کی مضبوط بحالی، سیاحت کو مزید فروغ دینے میں انتہائی مددگار ثابت ہو گی اور چینی سیاحوں کا عالمی سیاحت کی ترقی میں  ایک کلیدی کردار  متوقع ہے۔

شاہد افراز خان کی مزید تحریریں پڑھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Share via
Copy link