چیئرمین میونسپل کمشنرجناح ٹاؤن محاذ آرائی۔ رپورٹ: سید محبوب احمد چشتی
کراچی (ہم سماج پاکستان، رپورٹ سید محبوب احمد چشتی ) ٹاؤن سسٹم رائج ہونے کے بعد کراچی کے ٹائونز میں میونسپل کمشنرز اور چئیرمینز کے درمیان باہمی ٹکرا و کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں گزشتہ دنوں صفورا ٹائون تقریبا دس ماہ بعد اس ٹکرا ئوسے باہر آیا ہے جہاں دونوں بڑے نہ صرف لڑ رہے تھے بلکہ ایکدوسرے کیخلاف سنگین الزامات عائد کرکے کورٹ کچہریاں بھی بھگت رہے تھے اب وہاں میونسپل کمشنر کی تبدیلی کے بعد معاملات کچھ بہتر ہونے کی امید جاگی ہے یہ سلسلہ صفورا ٹائون کے بعد جناح ٹائون میں شروع ہوگیا ہے جہاں کونسل نے قرار داد منظور کرکے میونسپل کمشنر کو فارغ کرنے کی حکومت سندھ سے گزارش کی ہے جبکہ ذرائع اس بات کا دعویٰ کررہے ہیں کہ یہ قرار داد پیش کرنے کی ضرورت اسوقت پیش آئی جب کچھ دن قبل میونسپل کمشنر جناح ٹائون نے ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورئمنٹ کراچی کو ایک خط کے ذریعے پارکوں اور میدانوں میں تجارتی سرگرمیوں کے بارے میں مطلع کرکے یہ کہا کہ سپریم کورٹ کی پابندی کے باوجود یوسی چئیرمینز اور وائس چئیرمینز پارکوں ومیدانوں میں تجارتی سرگرمیاں سر انجام دے رہے ہیں لہذا ریجنل ڈائریکٹر ان کے خاتمے کیلئے ٹائون کی مدد کریں.قانونی طور پر میونسپل کمشنر نے جو خط لکھا ہے وہ درست ہے لیکن کیا ایسا ہورہا ہے؟ اگر ایسا ہورہا ہے تو ٹائون چئیرمین کو اس عمل کو روکنا چاہیئے تھا اس کے برعکس جو قرار داد جناح ٹائون کونسل نے منظور کی ہے وہ اس کے خلاف ہے اس میں کہیں بھی یہ ذکر نہیں ہے جس کا تذکرہ میونسپل کمشنر نے اپنے لیٹر میں کیا ہے بلکہ ان پر یہ سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں کہ وہ اراکین کونسل یا کونسل کو کسی خاطر میں نہیں لاتے اور لوکل ٹیکس کی ریکوری میں کرپشن کے مرتکب ہیں اور انہوں نے نجی ٹیمیں اتار رکھی ہیں جو کرپشن کا ارتکاب کر رہی ہیں ان پر یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ وہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے ٹھیکے داروں کو تنگ کرنے اور کمیشن طلب کرنے میں بھی ملوث ہیں .ان الزامات کی بنیاد پر قرار داد متفقہ طور پر ضرور منظور کرلی گئی ہے لیکن اب ان الزامات کے مکمل ثبوت پیش کرنے ہونگے کیونکہ کونسل نے اپنا اختیار ضرور استعمال کرلیا ہے لیکن جب تک ان الزامات کے ٹھوس ثبوت پیش نہیں کئے جاتے اسوقت تک میونسپل کمشنر کو فارغ کرنا ممکن نہیں ہے .اس تمام صورتحال میں باہمی رقابتیں پروان چڑھیں گی اگر میونسپل کمشنر اپنی پوسٹ پر برقرار رہتے ہیں تو وہ ٹائون چئیرمین کو یقینی طور پر کھل کر کام نہیں کرنے دینگے جس کا سارا ملبہ عوام پر گرے گا جو چاہتے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح انہیں ترقیاتی کاموں سے ریلیف ملے جناح ٹائون کی موجودہ صورتحال تنائو کی طرف جاچکی ہے جس کا واحد حل تبدیلی یا ایک ٹیبل پر بات چیت سے ہی حل ہوسکتی ہے.افہام وتفہیم کے ساتھ ان معالات کو حل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کچھ ٹائونز ایسے بھی ہیں جہاں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اور میونسپل کمشنرزانتہائی بہتر انداز میں ورکنگ ریلیشن قائم کرنے میں کامیاب ہیں محاذ آرائی سے کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا عوامی مفادات ضرور متاثرہوسکتے ہیں ،میونسپل کمشنر الہٰی بخش عائد الزامات رد کرتے ہوئے کہا کہ تمام الزامات کا دفاع کرونگا مجھ پر الزامات لگانے کے ثبوت پیش کیئے جائیں۔