NH

طالب علموں کا دوست اور دشمن کون!۔ | تحریر: ڈاکٹر نذر حافی

ہر شخص کی زندگی کو سنوارنے یا بگاڑنے  میں اس کے دوست کی اہمیت  بہت زیادہ ہوتی ہے۔   دوست وہ شخص ہوتا ہے جو والدین اور استادوں سے زیادہ ہم پر اثر انداز ہوتا ہے۔ معاشرے میں جتنے بھی ناکام، منحرف اور بگڑے ہوئے یا پھر کامیاب، با اخلاق اور باکردار  لوگ نظر آتے ہیں ، ان کے پیچھے ان کے دوستوں کا کردار ہی پوشیدہ ہوتا ہے۔  اچھا دوست انسان کی زندگی کو باہدف بناتا ہے۔ اپنی تعلیمی زندگی کے
سفر میں ہمیشہ باکردار اور زمہ دار دوست کا انتخاب کریں۔
یاد رکھیں کہ دوست آپ کی مجبوری نہیں بلکہ آپ کا انتخاب ہوتا ہے لہذا یہ انتخاب آنکھیں کھول کر کیجئے۔
اس وقت ہم طالب علمی کے زمانے میں ایک بہترین اور مخلص دوست کی کچھ اہم نشانیاں بیان کرہے ہیں۔
 آئیں دیکھتے ہیں کہ ہمارے سب سے قریبی دوست میں وہ نشانیان پائی جاتی ہیں یا نہیں؟
ان نشانیوں کی روشنی میں ہی پتہ چلے گا کہ جسے ہم اپنا دوست سمجھ رہے ہیں وہ ہمارا دوست ہی ہے یا دشمن!
1.  حوصلہ افزائی کی صفت سے لیس ہونا
ایک اچھا  دوست آپ کو محنت کرنے اور اپنی تعلیم پر توجہ دینے کی ترغیب دیتا ہے، اور اگر آپ تھک جائیں تو آپ کو دوبارہ سے  تعلیم حاصل کرنے کیلئے متحرک اور فعال کرتا ہے۔
2. درسی متن کو سمجھنے  میں مدد کرنا
 جب آپ کو کسی مضمون یا کسی مسئلے کو سمجھنے میں مشکل ہو، تو ایک اچھا دوست آپ کی مدد کرنے کے لیے خلوص نیت کے ساتھ ہمیشہ تیار رہتا ہے اوروہ ایک متن سے متعدد سوالات اٹھا کر، مختلف تصاویر اور چارٹ بنا کر آپ کو بات
 سمجھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتا۔
3. قانون شکنی اور لغو کاموں سے روکنا
ایک بہترین دوست  آپ کو اپنے تعلیمی ادارے کے قوانین کا احترام کرنا سکھاتا ہے تاکہ آپ  باعزت طریقے سے اپنی تعلیم کو آگے بڑھائیں، نیز وہ آپ کو لغو کاموں اور بہانہ بازیوں سے منع کرتا ہے تا کہ آپ اپنے اساتذہ اور والدین کے خوابوں کی تعبیر بن سکیں
4. اچھی شہرت کا باعث بننا
ایک اچھا دوست کسی بھی تعلیمی ادارے میں آپ کی اچھی شہرت اور نیک نامی کا باعث بنتا ہے۔ اس کی وجہ سے آپ ہر طرح کی سستی، کاہلی، لغویات اور بے مقصد وقت گزاری سے محفوظ رہتے ہیں
5. وقت کا پابند ہونا
آپ کا اچھا دوست وہ ہے جو وہ وقت کی قدر کرتا ہے اور آپ اس کے ہوتے ہوئے چھٹی کرنے یا وقت ضائع کرنے سے گھبراتے ہیں۔ وہ آپ کو وقت کے ضائع کرنے پر ٹوکتا ہے۔
6.  تربیت و اخلاق کی نشونما
ایک اچھا دوست وہ ہے جو  آپ کو ہمیشہ تربیت اور اخلاق کی نشونما کی طرف توجہ دلاتا رہتا ہے ، وہ کبھی بھی آپ کے ساتھ ایسی سرگرمی یا مصروفیت نہیں بناتا جس سے آپ کی تلاوت قرآن، اول وقت نماز، نمازشب  یا دیگر معنویات چھوٹ جائیں۔ وہ آپ کے اخلاق و کردار  کی ترقی میں آپ کا ساتھی بن کر چلتا ہے۔
7.دوستی اور تعلیم میں توازن
 ایک اچھا اور حقیقی دوست وہ ہوتا ہے جو اپنی اور آپ کی تعلیم اور دوستی میں توازن رکھتا ہے۔ وہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ کسی بھی صورت میں دوستی کی وجہ سے تعلیم و تربیت متاثر نہ ہو۔
8. مثبت سوچ کا حامل ہونا
 ایک اچھا دوست آپ کو حسد، غیبت، چغل خوری، طنز، توہین، تنقید اور دیگر منفی صفات کے بغیر آگے بڑھنا سکھاتا ہے۔ وہ آپ کو اس قابل بناتا ہے کہ  مثبت سوچ آپ کی زندگی کا حصہ بن جاتی ہے
خلاصہ:
طالب علموں کی دوست وہ چیزیں اور اشخاص ہیں جو ان کی تعلیم و تربیت میں مددگار  ہیں جبکہ ان کی دشمن وہ چیزیں اور اشخاص و عوامل ہیں جو ان کی ترقی میں رکاوٹ بنتی ہیں۔
لہذا طالب علموں کو  ان اشخاص و عوامل و اشخاص سے دور رہنا چاہیے جو ان کی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں اور ان شخاص و چیزوں نیز عوامل کو اپنانا چاہیے جو ان کی کامیابی کیلئے معاون و مددگار ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Share via
Copy link