چین کے “دو سیشنز” کے کلیدی نکات۔ | تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے “دو سیشنز” میں چین کے اعلیٰ حکام کی جانب سے مختلف موضوعات کی وضاحت کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے ملک کے اعتماد کے ذرائع کو مزید اجاگر کیا گیا ہے۔اس دوران نئی معیار کی پیداواری قوتوں، ماحولیاتی تحفظ، مجموعی اصلاحات اور مربوط علاقائی ترقی سمیت دیگر امور پر مفصل اظہار خیال کیا گیا۔اعلیٰ قیادت نے زور دیا کہ14ویں پانچ سالہ منصوبے (2021-2025) میں طے کردہ مقاصد اور کاموں کو پورا کرنے کے لئے  رواں سال معاشی بحالی کی مثبت رفتار کو برقرار رکھنے اور مضبوط بنانے اور معاشرے میں ترقی کے حوالے سے اعتماد کو فروغ دینے کے لئے کوششیں کی جائیں۔ ان سیشنز سے سامنے آنے والے اہم پیغامات نے دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت کے ترقیاتی راستے کے بارے میں بصیرت فراہم کی ہے۔

نئی معیار کی پیداواری قوتیں

اعلیٰ قیادت نے ترقی کے نئے محرکات کو فروغ دینے اور اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ملک کی تیز تر کوششوں کے درمیان نئی معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی پر زور دیا ہے۔چینی صدر شی جن پھنگ نے 2023 میں سب سے پہلے یہ تصور پیش کیا تھا۔جدت طرازی کے قائدانہ کردار ادا کرنے کے ساتھ ، نئی معیار کی پیداواری قوتوں کا مطلب اعلیٰ درجے کی پیداواری صلاحیت ہے جو روایتی معاشی ترقی کے بجائے اعلیٰ ٹیک ، اعلیٰ کارکردگی اور اعلی معیار کی خصوصیات کی حامل ہیں ، اور نئے ترقیاتی فلسفے پر عمل پیرا ہیں۔

حالیہ دو سیشنز کے دوران اعلیٰ قیادت نے مقامی حالات کی بنیاد پر نئی معیار کی پیداواری قوتیں تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔تاہم ، نئی معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی کا مطلب روایتی صنعتوں کو نظر انداز کرنا یا ترک کرنا نہیں ہے ، بلکہ ترقی کے صرف ایک ماڈل کو اپنانے سے گریز کرنا ضروری ہے۔اسی تصور پر کاربند رہتے ہوئے اعلیٰ حکام نے اپلائیڈ سائنسز میں بنیادی تحقیق کو مضبوط بنانے ، کلیدی شعبوں میں بنیادی ٹیکنالوجیز میں کامیابیاں حاصل کرنے اور نئی معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی کے لئے نئے محرکات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس کی ایک واضح مثال تو  چین کا جدید ٹرانسپورٹ نظام بھی ہے ۔آج ،چین آٹوموبائل کی پیداوار اور فروخت میں ایک عالمی رہنما ہے ، نئی توانائی کی گاڑیوں میں مہارت رکھتا ہے ، طویل ترین ایکسپریس وے نیٹ ورک پر فخر کرتا ہے ، اور بڑے طیاروں کی ترقی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر تیز رفتار ریلوے اور شہری ریل ٹرانزٹ سسٹم کامیابی سے متعارف کرایا گیا ہے۔ان تکنیکی کامیابیوں کے بڑے اسباب یہی ہیں کہ ملک میں پیشہ ورانہ تعلیم کو بڑھانے ، ہنرمند افرادی قوت کی ثقافت کو فروغ دینے اورجدید  پیداواری عوامل کو پروان چڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔نئی معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی کو تیز کرنے کی مہم نے ابھرتے ہوئے علاقوں میں اسٹریٹجک صلاحیتوں کی ترقی کے لئے نادر مواقع فراہم کیے ہیں۔

مجموعی اصلاحات کو گہرا کرنا

گزشتہ کئی سالوں سے چین میں اصلاحات ایک کلیدی لفظ رہا ہے۔حالیہ دو سیشنز  میں اعلیٰ حکام نے تمام محاذوں پر اصلاحات کو مزید گہرا کرنے کے لیے بڑے اقدامات کی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے اور چینی جدیدکاری کو آگے بڑھانے کی کوششوں میں مسلسل مضبوط تحریک پیدا کی جا سکے۔چین کے نزدیک ایک اعلیٰ سطح کی سوشلسٹ مارکیٹ اکانومی کی تعمیر کے لئے ضروری ہے کہ مارکیٹ اکانومی کی بنیاد رکھنے والے نظاموں کو بہتر کیا جائے، جن میں املاکی حقوق کے تحفظ ، مارکیٹ تک رسائی ، منصفانہ مسابقت اور سماجی کریڈٹ وغیرہ شامل ہیں۔چینی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی، تعلیم اور پیشہ ورانہ عملے پر مشتمل نظاموں میں اصلاحات کو گہرا کیا جائے اور نئی معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ایک ایسا عالمی معیار کا کاروباری ماحول تخلیق کیا جائے جو مارکیٹ ، قانون اور بین الاقوامیت پر مبنی ہو تاکہ اعلیٰ سطح کی کھلی معیشت کے لئے نئی طاقتوں کو فروغ دیا جاسکے۔

ماحولیاتی تحفظ

چین کی اعلیٰ قیادت ہمیشہ ماحولیاتی تحفظ کو بہت اہمیت دیتی ہے۔حالیہ سیشنز کے دوران بھی ماحولیاتی تحفظ کی سرخ لکیروں کو محفوظ بنانے اور مخصوص ماحولیاتی انتظام کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ اعلیٰ معیار کی ترقی کی ماحولیاتی بنیادوں کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔حکومتی ورک رپورٹ کے مطابق چین نے رواں سال جی ڈی پی کے فی یونٹ اپنی توانائی کی کھپت میں تقریباً 2.5 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا ہے۔اعلیٰ قیادت نے کہا کہ اقتصادی اور سماجی ترقی میں گرین اور کم کاربن منتقلی کو فروغ دینے، وسائل کی ری سائیکلنگ کو مضبوط بنانے، ماحولیاتی مصنوعات کی مارکیٹ ویلیو کو سمجھنے کے لئے مزید طریقے تلاش کیے جائیں اور کاربن اخراج میں کمی کو بڑھانے اور کاربن نیوٹرل کے حصول کے لئے کوششیں کی جائیں ۔

مشترکہ خوشحالی

چینی حکام سب کے لئے مشترکہ خوشحالی کی جستجو کو چینی جدیدیت کی ایک لازمی خصوصیت سمجھتے ہیں۔اس مقصد کی خاطر شہری اور دیہی علاقوں کی مساوی ترقی ہمیشہ سے قیادت کی نمایاں ترجیح رہی ہے۔حالیہ دو سیشنز کے دوران بھی اعلیٰ حکام نے دیہی احیاء اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ۔

مربوط علاقائی ترقی

2012 میں 18 ویں سی پی سی قومی کانگریس کے بعد سے ، مربوط علاقائی ترقیاتی حکمت عملیوں کا ایک سلسلہ نافذ کیا گیا ہے ، جس میں بیجنگ ۔ تھیان جن ۔ حہ بی خطے کی مربوط ترقی ، دریائے یانگسی ڈیلٹا کی مربوط ترقی ، اور گوانگ دونگ ۔ ہانگ کانگ ۔ مکاؤ گریٹر بے ایریا کا انضمام اور مربوط ترقی شامل ہے۔ یہ ایک نئے ترقیاتی پیراڈائم کو فروغ دینے اور اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے میں اہم معاون کردار ادا کر رہے ہیں۔حالیہ دو سیشنز کے دوران ملک کی اعلیٰ قیادت نے ایک مرتبہ پھر معاشی طور پر ترقی یافتہ صوبوں پر زور دیا کہ وہ پورے ملک کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی طاقت اور خوبیوں کو مکمل طور پر بروئے کار لائیں۔یہ وہ چند نکات ہیں جو چین کی دور اندیشی کو ظاہر کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ ایک بڑے اور ذمہ دار ملک کے طور پر چین کو نہ صرف اپنے عوام کے مفادات کا احساس ہے بلکہ دیگر دنیا کی ترقی اور مشترکہ خوشحالی بھی چین کے نزدیک اُسی قدر اہم ہے۔

شاہد افراز خان کی مزید تحریریں پڑھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Share via
Copy link