چین کا جہاز سازی میں نیا کارنامہ۔ | تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
چین کے پہلے ملکی ساختہ بڑے کروز جہاز “اڈورا میجک سٹی” نے یکم تاریخ کو شنگھائی کی ایک بندرگاہ سے اپنے اولین تجارتی سفر کا آغاز کیا، جس نے ملک کی جہاز سازی اور کروز کی صنعتوں کے لئے ایک نیا باب کھول دیا ہے۔ تین ہزار سے زائد مسافروں کو لے کر یہ جہاز شنگھائی کی ووسونگ کو انٹرنیشنل کروز ٹرمینل سے روانہ ہوا اور توقع ہے کہ اتوار کو واپسی سے قبل جاپانی شہروں ناگاساکی اور فوکواوکا اور جمہوریہ کوریا کے جیجو جزیرے سمیت شمال مشرقی ایشیائی سیاحتی مقامات تک پہنچے گا۔ مستقبل میں اس جہاز کے راستوں کو مزید وسعت دی جائے گی، جن میں جنوب مشرقی ایشیائی اور بیلٹ اینڈ روڈ پارٹنر ممالک جیسے مزید آپشنز شامل کیے جائیں گے۔
بحری جہاز “اڈورا میجک سٹی” کی لمبائی 323.6 میٹر ہے ، اس کا مجموعی وزن 135،500 ٹن ہے۔ جہاز میں 2،125 مہمان کمروں کے ساتھ 5،246 مسافروں کی گنجائش ہے۔ اس میں 16 منزلیں اور مجموعی طور پر 40،000 مربع میٹر کا احاطہ عوامی رہائش اور تفریحی جگہ کے لیے ہے۔چینی حکام کے مطابق” اڈورا میجک سٹی” جیسے بڑے کروز جہازوں کی تعمیر ،چین کی مجموعی جہاز سازی کی صلاحیت میں ایک اہم سنگ میل ہے۔آٹھ سال کی سائنسی تحقیق اور پانچ سال کے ڈیزائن اور تعمیر کے بعد ، جہاز کو نومبر میں ڈیلیور کیا گیا تھا۔
اس یادگار اولین تجارتی سفر پر ہزاروں مسافر انتہائی پرجوش انداز سےصبح سویرے جہاز پر سوار ہوئے۔ لائنر کے ایٹریم کو چینی انداز میں سجایا گیا جہاں مسافروں کی بورڈنگ کے لیے استقبالیہ پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔یہ مسافروں کے لئے کیٹرنگ ، تفریح ، آرام اور رہائش کی خدمات فراہم کرنے کے لئے درجنوں فنکشن ایریاز کا حامل ہے۔یہاں ایک آرٹ کوریڈور بھی ہے جس میں تون ہوانگ گروٹو میورلز نصب ہیں ، مسافر سفر کے دوران 16 مشہور میورلز دیکھ سکتے ہیں جبکہ یہاں بدھ مت کے تاریخی مقامات اور آرائشی نمونے قابل دید ہیں۔ ہائی فیڈیلٹی ری پروڈکشن ٹیکنالوجی جہاز میں سوار مسافروں کو ہائی ڈیفینیشن میورلز کی تفصیلات فراہم کرتی ہے، جس سے مشرقی اور جمالیاتی رنگ ملتا ہے۔ آپ آرٹ کوریڈور کے ذریعے ایک پرسکون انداز میں چہل قدمی کرسکتے ہیں اور چینی ثقافت کی تاریخی ارتقاء کا تجربہ کرسکتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ جہاز پر سوار مسافروں نے اپنے اولین سفر کو قابل فخر لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے سال کے پہلے دن انہیں یہ منفرد تجربہ مل رہا ہے اور وہ اپنے ملک پر خوشی اور فخر محسوس کرتے ہیں۔اڈورا کروز کے سی ای او چھون ران فینگ کے مطابق وہ جنوب مشرقی ایشیا میں ایک نئی لائن بھی ڈیزائن کر رہے ہیں اور ایک میری ٹائم سلک روڈ کی تھیم پر مبنی ہے۔چینی کروز شپ دوسرے ممالک میں گھریلو بندرگاہوں کے طور پر کام کریں گے ، تاکہ دوسرے ممالک کے مہمان بھی چینی جہاز پر سوار ہوسکیں اور چینی کروز جہازوں کی کشش کو محسوس کرسکیں۔
یہ کروز شپ جہاز سازی میں چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کی بھی علامت ہے۔یہ بات قابل زکر ہے کہ اس وقت ، دوسرے بڑے کروز جہاز کی تعمیر بھی جاری ہے۔ جہاز بنانے والی چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن کے مطابق اگلا جہاز 2026 کے اختتام سے قبل ڈیلیور کیا جائے گا اور تعمیراتی مدت 49 ماہ سے کم ہو کر 41 ماہ کردی جائے گی۔متعلقہ حکام کے مطابق دوسرا بڑا کروز شپ ، نئی مصنوعات کے معیار اور کوالٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے بڑے ڈیجیٹل سافٹ ویئر پلیٹ فارمز کی ترقی کا فائدہ اٹھائے گا. کروز جہاز مینوفیکچرنگ کو جہاز سازی کی صنعت میں اپنی پیچیدگی کے باعث “تاج میں موتی” کے طور پر سراہا جاتا ہے. یہ جہاز 25 ملین سے زیادہ اجزاء پر مشتمل ہے ، جو سی 919 مسافر طیارے سے پانچ گنا زیادہ اور فوشنگ بلٹ ٹرین سے 13 گنا زیادہ ہے۔ چین سے پہلے صرف چار ممالک ایسے ہیں جو بڑے کروز جہاز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اڈورا میجک سٹی کی فعالیت اس بات کی بھی نشاندہی کرتی ہے کہ چین بڑے مائع قدرتی گیس کیریئرز اور مسافر بردارجہازوں سمیت اب اڈورا کروز کی صورت میں، جہاز سازی کی صنعت میں تینوں “موتیوں” کا انتخاب کر چکا ہے۔