بلیوں کی بارات: ایک دلچسپ تصنیف.|تحریر و تبصرہ: تسنیم جعفری

گزشتہ دنوں  پروفیسر فلک ناز کی جانب سے ایک نہایت خوبصورت رنگین تصاویر سے مزین ننھی منی کتاب مصنف کی جانب سے موصول ہوئی۔یہ کتاب ایک انگریزی مصنفہ  وینڈا   گا گ کی  کتاب  ‘ ملین آف کیٹس” کا  اردو ترجمہ ہے ۔کتاب کے مترجم ظفر  اقبال ہیں جنھوں نے  بچوں کے لیے لکھی  متعدد انگریزی کتب  کو اردو کے قالب میں ڈھالاہے۔یہ امر خوش آئند ہے کہ  پریس فار پیس کے پلیٹ فارم سے اردو میں انگریزی   کتب کے تراجم کے ذریعے  بچوں کے لیے ادبی  ذخیرے میں  حوصلہ افزا  اور قابل ستائش اضافہ ہوا ہے۔

“بلیوں کی بارات “جیسا کہ نام سے بھی ظاہر ہے کہ یہ کہانی بلیوں سے متعلق ہے۔ کسی بستی میں ایک بوڑھے میاں بیوی جن کی کوئی اولاد نہیں تھی اپنے خوبصورت گھر میں تنہا رہتے تھے ۔ انھیں خیال آیاکہ کیوں نہ ہم ایک بلی پال لیں لیکن یہ پتہ نہیں تھا کہ وہ بلی کہاں سے حاصل کریں۔ ایک دن وہ بوڑھا ڈھونڈتا ڈھانڈتا ایک جنگل میں جا پہنچا جہاں وہ اتنی بہت سی بلیاں دیکھ کر حیران رہ گیا۔۔۔ وہ سو دو سو یا ہزار دو ہزار نہیں بلکہ کروڑوں اربوں بلیاں تھیں ۔  

وہاں سے بوڑھے نے  ایک  خوب صورت بلی پسند کرلی اور لے کر چلا گھر کی طرف ، لیکن پھر اسے ایک بلی کا بچہ بھی پسند آگیا اسے اکیلا چھوڑنا مناسب نہیں تھا اسے بھی اٹھا لیا۔ پھر اسے ایک اور معصول صورت بلی پر پیار آگیا اسے بھی اٹھا لیا، اسی طرح اسے راستے میں بے شمار بلیاں پسند آگئیں اور بالآخراس نے تمام بلیوں کو اپنے ساتھ لے لیا۔ 

تھوڑی ہی دیر میں ہزاروں بلیاں اس کے پیچھے چل رہی تھیں جنھیں وہ اپنے گھر لے جا رہا تھا۔ان ہزاروں بلیوں نے کیا کیا تماشے کیے اور اس نے تمام بلیوں کو اپنے گھر کس طرح ٹھہرایا  یہ آپ خود کتاب میں پڑھیں گے ورنہ اس خوبصورت کہانی کا تجسس جاتا رہے گا ، یہ پیاری کتاب پریس فار پیس  پبلی کیشنز نے شائع  کی ہے ۔ ننھے منے بچوں کے لیے پیارا سا تحفہ ہے یہ کتاب۔

امید ہے کہ مترجم   کی طرف سے مزید اچھی  اچھی کتب کے تراجم سامنے   آئیں گے۔ مترجم کے  زور قلم کے لئے بہت سی دعائیں۔ 

تسنیم جعفری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Share via
Copy link