بچوں کے اردو ادب میں ایک منفرد اضافہ۔ | تحریر: فلک ناز نور

انگریزی ادب میں بچوں کے لیے کئی مایہ ناز کتب لکھی گئی ہیں۔ میٹلڈا  ناول انگریزی زبان کا ایک شاندار ناول ہے۔ یہ میٹلڈا نامی ایک  ذہین اور بہادر  بچی کی داستان  ہے جسے ایک ہیروئین بچی کی بہادری اور ذہانت کے موضوعات کی وجہ سے   غیر معمولی شہرت اور مقبولیت ملی۔ 1988 میں  انگلینڈ میں پہلی بار اشاعت کے بعد دنیا بھر میں اس ناول کی سترہ ملین سے زائد کاپیاں اب تک فروخت ہو چکی ہیں۔ اس کے درجنوں زبانوں میں تراجم ہوئے،  کئی اعلیٰ  ایوارڈ جیتے،  اس پر فلمیں اور سٹیج ڈرامے بنے۔ کئی سال گزرنے کے باوجود برطانوی سینما گھروں میں یہ ایک پسندیدہ فلم ہے۔ بی بی سی کے ایک  مقبول پروگرام کے سروے کے مطابق  میٹلڈا کو”قوم کی پسندیدہ بچوں کی کتاب“ کے طور پر ووٹ دیا گیا۔ “میٹلڈا ” آج بھی بچوں، نوجوانوں اور بڑوں میں مقبولیت کا ریکارڈ قائم رکھے ہوئے ہے۔

کتب بینی کی سب سے بڑی  خوبی یہ ہے کہ یہ قاری کو  ذہنی سکون سے آشنا کرتی ہے، ناولوں، کہانیوں کے کردار قاری کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں، کہانی کے اختتام تک  قاری کی بے قراری قائم رہتی ہے، میٹلیڈا کی اسی  خوبی کی وجہ سے  اس سحر انگیز ناولٹ کو بے شمار انسانوں کی زندگی تبدیل کرنے والی ایک ہیروئین لڑکی  اور رول ماڈل بچی کے طور یاد رکھا  گیا ہے۔ اس کتاب کے بارے میں ایک  مبصر  نے تبصرہ کیا کہ :

روالڈ ڈل نے  میٹلیڈا کی شکل میں ایک ایسی ہیروئن لکھی جس نے اپنے قارئین کی زندگیوں کو بدل دیا اور انھیں  دنیا کو بہتر سے بہتر کرنے  کا درس دیا۔

میٹلڈا   ایک جاودوئی دماغ والی پانچ سالہ بچی ہے جسے والدین نے اپنے گھر میں  بری طرح نظر انداز  کیا اور سخت برے حالات میں رکھا۔

بچی کے والدین مسٹر اور مسز ورم بہت لاپروا اور خود غرض قسم کے انسان ہیں جنھیں بیٹی کی تعلیم و تربیت سے زیادہ دو نمبر گاڑیوں کے  کاروبار میں توجہ دینا دلچسپ لگتا ہے۔

کئی سال تک بیٹی کو سکول نہ بھیجا لیکن  میٹلڈا کو کتابیں پڑھنے  کا بے پناہ  شوق تھا۔ وہ چھپ کر علاقے کی لائبریری سے کتب پڑھتی رہی اور  اپنے  علم اور معلومات میں دیگر بچوں سے بھی بہت آگے بڑھ گئی۔

بڑے عرصے  کے بعد جس سکول میں  میٹلڈکو داخلہ دیا گیا اس کی ہیڈمسٹریس بہت خوف ناک منتظمہ تھی۔ سکول میں داخلے کے بعد بہت   ہی  زبردست قسم کے واقعات ہوئے۔  اپنی غیر معمولی  صلاحیتوں اور آنکھوں کے ذریعے دوسروں کو ہیپناٹائز  کرنےکے قصے سمیت مزید دلچسپ باتوں کے ذریعے  پورے  ناول میں سنسنی خیزی، ڈرامہ اور   تجسس کا عنصر  قائم رکھا گیا ہے۔ میٹلڈا  ناول میں مس ہنی ( ایک ہمدرد  اور رحم دل استانی) کا کردار بھی ہے۔

کتاب کے مصنف  رولڈ  ڈال کا شمار انگلینڈ اور انگریز ی زبان کی دنیا میں بچوں اور نوجوانوں  کے مقبول رائٹرز میں ہوتا ہے۔ ان کی خوبی بہترین قسم کی منظر نگاری ہے۔ گھر کے جابرانہ ماحو ل سے لے کر ہیڈمسٹریس کی  سخت مزاج شخصیت کا نقشہ  مہارت سے کھینچتے ہیں۔ کتاب میں   بہت سے مزاحیہ  واقعات  موجود ہیں۔

کئی وجوہات کی بنا  پر یہ  شاندار کتاب اردو کے قارئین سے اوجھل رہی ہے تاہم حال ہی میں ماورا زیب نے اس کا   رواں اور دلچسپ  ترجمہ کر کے  اسے اردو قارئین کے لیے پیش کیا ہے۔ پریس فار پیس  کے پلیٹ فارم سے بچوں اور  نوجوانوں کے لیے  اردو زباں میں شاعری و نثر کی اصناف میں درجنوں کتب شائع  ہوئی ہیں  مگر   میٹلیڈا ناول کا ترجمہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد  کاوش ہے جس پر ناشراور مترجم داد کے مستحق ہیں۔اگرچہ  اس وقت  پاکستان اور انڈیا میں سیکڑوں اشاعتی ادارے فروغ اردو  زبان و ادب کے لیے  نمایاں  خدمات انجام دے رہے ہیں البتہ  عالمی  ادب اطفال  میں شامل  کئی  ادبی شہ پاروں کو اردو کے قاری تک پہنچانے  کے لیے ادارہ پریس فار پیس   کے  شعبہ ادب اطفال    میں شامل مصنفین کا کردار بہت حوصلہ افزا ہے  جنھوں نے کم عرصے میں اردو کے دامن کو عالمی ادب کی مایہ ناز تصانیف  سے مالا مال کیا ہے۔

فلک ناز نور

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Share via
Copy link