ریڈیو کے عالمی دن پر انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان کے تحت دنیا بھر میں تقریبات اور عالمی ریڈیولسنرز کانفرنس کا انعقاد۔
مجھے ریڈیو سے محبت کرنے والوں کے درمیان بات کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ لندن سے بی بی سی کے معروف براڈکاسٹر رضا علی عابدی
لاہور میں پہلے ڈی ایکس کلب کی بنیاد میں نے 1968 میں رکھی ، انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن کی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں ۔ معروف سیاستدان مشاہد حسین سید
کراچی ( نمائندہ خصوصی ہم سماج ) گزشتہ دنوں انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے ریڈیو کے عالمی دن پر دنیا بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں ریڈیو سامعین نے بھر پور شرکت کی ۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریڈیو کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔
انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی دنیا بھر میں ریڈیو سے وابستہ شخصیات ، ریڈیو سامعین اور ڈی ایکسرز کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور یادگاری شیلڈ دی گئیں ۔
انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے جدید تیکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ریڈیو کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک ورلڈ ریڈیو لسنرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیا بھر سے ارلو پاکستان کے ممبران اور عہدیداران کے علاوہ کئی ممالک سے ریڈیو سے وابستہ بڑی شخصیات نے بھی شرکت کی ، کانفرنس میں پاکستان کے معروف سیاستدان اور پاک چائینا تعلقات کے حوالےسے جانی پہچانی شخصیت سینیٹر مشاہد حسین سید نے پیغام ارسال کیا کہ وہ پاکستان کی پہلے ڈی ایکسر ہیں جس نے باقاعدہ 1968 میں لاہور میں ڈی ایکس کلب کی بنیاد رکھی ، میں گذشتہ سال کی کانفرنس میں شامل تھا مجھے بہت اچھا محسوس ہورہا ہے کہ ریڈیو سننے والوں کی بہت بڑی تعداد اب بھی موجود ہے ۔ کانفرنس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے چائینا ریڈیو انٹرنیشنل کے معروف میزبان ذبیر بشیر نے کہا کہ ارلو پاکستان کی جانب سے ریڈیو کی ترقی اور فلاح کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں ۔آج اپنے سامعین کے درمیان بیٹھ کر گفتگو کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔
بی بی سی اردو سروس کے روح رواں معروف براڈ کاسٹر رضا علی عابدی نے خصوصی طور پر لندن سے کانفرنس میں شرکت کی انہوں نے کانفرنس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا میں اس وقت ریڈیو سننے والوں کے ساتھ محو گفتگو ہوں انہوں نے ارلو پاکستان کی ریڈیو کے حوالے سے سرگرمیوں کی تعریف کی اور کہا کہ مجھے حوصلہ ہوا یہ دیکھ کر کہ یہاں اس دور میں بھی لوگوں کے پاس بڑی تعداد میں ریڈیو موجود ہیں اور وہ سنتے ہیں ۔ دورانِ کانفرنس جھنگ سے ارلو پاکستان کے عہدیدار عقیل بشیر کی فرمائش پر رضا علی عابدی صاحب نے اپنے مخصوص انداز میں فرضی خبروں کی چند سطور سنا کر کانفرنس کو چار چاند لگادیے جس پر تمام شرکاء کانفرنس نے انہیں خوب داد دی۔
انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائیزیشن پاکستان کے زیر اہتمام شیخوپورہ اور چنیوٹ میں اعجاز کریم اور سلیم اختر چدھڑ کی جانب سے بڑی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں مختلف ماڈل کے سینکڑوں ریڈیو سیٹ اور کئی بین الاقوامی نشریاتی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی اشیاء کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا ۔
انٹرنیشنل ریڈیو لسنرزآرگنائزیشن پاکستان کے بانی چئیرمین محمد ارشد قریشی اور ممبر مشاورتی کمیٹی مہر عبدالستار سلفی نے انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان کے ان تمام ممبران و عہدیداران کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے اپنے شہروں میں ریڈیو کا عالمی دن انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا۔
انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز آرگنائزیشن پاکستان کے بانی چئیرمین محمد ارشد قریشی نے ارلو پاکستان کے مرکز کراچی سے اپنے خصوصی وڈیو پیغام میں دنیا بھر میں ارلو پاکستان کے ممبران و عہدیداران سمیت ریڈیو سامعین ڈی ایکسرز اور نشریاتی اداروں کے میزبانوں کو ریڈیو کے عالمی دن کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جدید تیکنالوجی کے اس دور میں بھی ریڈیو کی اہمیت اور افادیت روز اول کی طرح قائم و دائم ہے ریڈیو آج بھی ہر گھر کی اہم ضرورت ہے۔ شارٹ ویو پر ریڈیو سننے والوں کی تعدادآج بھی تسلسل کے ساتھ بڑھ رہی ہے یہی وجہہ کے کہ پوری دنیا میں ڈیجیٹل ریڈیو کی تیاری اور مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ آج بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے سربراہان اپنی عوام سے ریڈیو کےذریعہ ہی مخاطب ہوتے ہیں ارشد قریشی نے ان تمام نشریاتی اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ریڈیو کے عالمی دن پر ارلو پاکستان کے ممبران و عہدیداروں سے رابطہ کیا اور ان کی کاوشوں پر خراجِ تحسین پیش کیا ۔ تقریب کے آخر میں ریڈیو کے معروف سامع اسرار چودھری سمیت ریڈیو سے وابستہ گذشتہ برس انتقال کرجانے والی شخصیات کے لیے دعائے مغفرت کی ۔