جشنِ بہار صرف خاندانوں کے لیے ہی نہیں معیشت کے لیے بھی جشن کا سماں ۔ | تحریر : سارا افضل،بیجنگ

چین میں موسم بہار کا تہوار قریب آتے ساتھ ہی ملک بھر  میں میلوں اور خصوصی بازار لگانے کا سلسلہ زور پکڑ لیتا ہے۔  یہ سرگرمیاں محض  خریداری کرنے اور مختلف سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا وقت ہی نہیں  ہوتیں بلکہ یہ صارفین اور تجار کے لیے بھی  خوشی اور فائدے کا باعث بنتی ہیں ۔ اس سال  10 فروری کو چین کے سالِ نو کا آغاز ہو رہا ہے ۔ اس دوران منعقد ہونے والی یہ تمام سرگرمیاں  معاشی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ان کا ملک کے  جی ڈی پی کی نمو میں بڑا حصہ ہوتا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران، چین نے کھپت کے شعبے میں مستحکم بحالی دیکھی ہے. قومی ادارہ برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق حتمی کھپت نے مجموعی جی ڈی پی نمو میں 82.5 فیصد کا حصہ ڈالا جبکہ خردہ فروخت نے 47.15 ٹریلین یوآن کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

جشنِ بہار کے  شاپنگ ایونٹس میں لوگوں کی بھیڑ ،  کھپت کے شعبے میں مسلسل بحالی کی عکاس  ہے۔  موسم بہار کے تہوار کے لیے گہما گہمی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لوگ صرف مادی اور دنیاوی اشیا خریدنے میں ہی مگن ہیں بلکہ یہ خریداری اور یہ جوش  سالانہ تعطیلات  میں اپنے خاندان کے ساتھ مل بیٹھنے ، ان  کی خاطر گھر سجانے ، کھانے پینے کا اہتمام کرنے اور ان کے لیے اپنی محبت کا اظہار تحائف کی صورت میں کرنے کے باعث ہے  جو  اس تہوار کی روایات ہیں۔ اسپرنگ فیسٹیول شاپنگ ایونٹس  جیسی پروموشنل سرگرمیاں کھپت کی مارکیٹ کو فروغ دینے اور مارکیٹ کے اعتماد کو بڑھانے میں مدد کرتی ہیں ، جس سے طویل مدتی مارکیٹ کی ترقی کے لئے ایک اچھی بنیاد رکھی جاتی ہے۔

چین ، جس کی معیشت نے 2023 میں 5.2 فیصد کی جی ڈی پی نمو حاصل کی ہے ، چینی سالِ نو کے لیے آن لائن اور آف لائن خریداری کی سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرکے اپنی  زیادہ کھپت کی صلاحیت کو مزید فروغ دے رہا ہے ، جس سے عالمی معیشت کی بحالی کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ آن لائن نیشنل اسپرنگ فیسٹیول شاپنگ سیزن 2024کا آغاز 18 جنوری کو ہوا تھا جو کہ   17 فروری تک یعنی جشنِ بہار کی  پوری تعطیلات میں  جاری رہے گا ۔اس سال کھپت کو فروغ دینے کی کوششوں کو فروغ دینے کے لیے پہلی بڑی آن لائن سرگرمی کے طور پر ،اس  شاپنگ سیزن میں مختلف علاقوں ، ای کامرس پلیٹ فارمز اور دکانوں سے آن لائن پروموشنل سرگرمیوں کو مربوط کیا گیا ہے۔

چین کے سب سے بڑے آن لائن ڈسکاؤنٹ ریٹیلر وی آئی پی شاپ کے اعداد و شمار کے مطابق، شاپنگ سیزن کے آغاز کے بعد پہلے ہفتے میں ڈریگن تھیم  پر مبنی ملبوسات کا حجم اس سے پہلے کے ہفتے کے مقابلے میں 120 فیصد بڑھ گیا تھا، جبکہ ڈریگن تھیم کے سال کے ساتھ اسپورٹس سویٹرز کی فروخت کا حجم ماہ بہ ماہ تین گنا سے زیادہ بڑھ گیا تھا۔ مقامی اشیاء کی نئی جدت کو اجاگر کرتے ہوئے “غیر معمولی ثقافتی ورثے پر مشتمل شاپنگ فیسٹیولز” جیسی سرگرمیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔چین میں لاجسٹکس کے عمدہ معیار اور کارکردگی نے بھی لوگوں کے لئے سامان  کی خریداری کو آسان بنا دیا ہے۔سامان کی کھپت کے علاوہ، چینی صارفین کے لیے سروسز  کی کھپت ایک اور اہم آپشن ہے. مثال کے طور پر ،اب لوگ  نئے قمری سال کا روایتی عشائیہ  گھر کی بجائے باہر کسی خوبصورت جگہ پر مختلف اقسام کے روایتی اور غیر روایتی کھانوں کے ساتھ پسند کرتے ہیں تاکہ  گھر داری کی فکر سے آزاد ہو کر  زیادہ سے زیادہ وقت اکٹھے گزارا جائے ۔ یہی وجہ ہے کہ جشنِ بہار کے آغاز سے  ایک ہفتہ پہلے تک  بہت سے ریستوراں مکمل طور پر بک ہوچکے ہیں۔ای کامرس پلیٹ فارم میٹوان کے اعداد و شمار کے مطابق 21 جنوری تک ریستورانوں میں نئے سال کے موقع پر ریزرویشن میں 2023 کے مقابلے میں تین گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ، جبکہ اس موقع پر  شہروں میں اعلی درجے کے کچھ بڑے ریستوراں 24 گھنٹوں کے لیے کھلے رہیں گے۔یہ اعدادو شمار صارفین کے اعتماد کی مزید بحالی اور خرچ کرنے کی ان کی بہتر صلاحیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سروس سیکٹر کی ویلیو ایڈڈ پیداوار میں سال بہ سال 5.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا جو 2023 میں چین کی جی ڈی پی کا 54.6 فیصد ہے۔

جشنِ بہار کی تعطیلات کے دوران  جب لوگ خاندان سے ملنے اپنے آبائی علاقوں طرف جانے اور تفریحی سرگرمیوں  کے لیے سفر اختیار کرتے ہیں تو  سال کی سب سے بڑی سفری سرگرمی دیکھنے  میں آتی  اور یہ بھی معاشی اعدادو شمار میں ایک نئی جان ڈالتی ہے۔ آن لائن ٹریول پلیٹ فارم ٹرپ کی حالیہ  رپورٹ کے مطابق موسم بہار کی تعطیلات کے لئے شہر میں ٹریول بکنگ میں سال بہ سال 14 گنا اضافہ ہوا ہے۔ جب کہ اس پلیٹ فارم پر بکنگ میں پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں سات گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔دریں اثنا، بیرون ملک اور ان باؤنڈ ٹرپس کے لیے بکنگ میں سال بہ سال 10 گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے.صرف سول ایوی ایشن کے شعبے میں مسافروں کی آمدورفت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 44.9 فیصد اضافہ ہوا، جو 2019 کے اسی عرصے کے دوران ریکارڈ کی گئی سطح کے مقابلے میں 9.8 فیصد اضافہ ہے۔

خاندانوں کے اکٹھے ہونے اور جشن  منانے کے طور پر یہ تعطیلات ثقافتی کھپت کے لیے ایک اہم  سیزن ہوتی ہیں ۔ مختلف ثقاتی سرگرمیوں ، اوپرا اور تھیٹر پرفارمنسز ، آرٹ کی نمائشیں اور فلمز کی نمائشوں کے لیے بھی یہ ایک اہم موقع ہوتا ہے۔ 2024 میں نئے سال کی تعطیلات کے دوران ملک کے باکس آفس کا آغاز تقریبا 1.53 بلین یوآن کی ریکارڈ آمدنی کے ساتھ ہوا ، ان اعداد و شمار نے 2021 میں انہی تعطیلات  کے دوران قائم کردہ 1.3 بلین یوآن کےسابقہ ریکارڈ کو توڑ دیا ۔ یہی وجہ ہے کہ موسم بہار کے تہوار کی تعطیلات کے دوران باکس آفس کی آمدن کے حوالے سے توقعات بہت زیادہ ہیں ۔  اس کے علاوہ  سیاحتی سرگرمیوں  کی وجہ سے  ہوٹل انڈسٹری، مختلف علاقوں کی  مقامی صنعتوں  اور دستکاریوں کی صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا اور سیاحوں  کی آمد ہر علاقے کی معاشی کارکردگی  بڑھانے کا باعث بنے گی  اور یہی ترقی ملک کی مجموعی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے اسے ایک نئی قوت اور توانائی فراہم کرے گی۔

سارا افضل کی مزید تحریریں پڑھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Share via
Copy link