انجمن اتحادُالمسلمین پرتاب گڑھ کا منظور کالونی میں ایمبولنس سروس، کمپیوئٹر انسٹی ٹیوٹ اور انگلش لینگویج کلاسز کا آغاز۔

انجمن کے تحت گریجویشن فورم کا قیام عمل میں لایا جارہا  ہے ، جس میں برادری کے نوجوانوں  کا اہم کردار ہوگا۔  صدرِ انجمن ، خلیل الدین قریشی

پرتاب گڑھ انٹرنیشنل فورم کے قیام پر کام شروع کردیا گیا ہے ، بہت جلد اس کا  باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔ ڈاکٹر اسلم  جلالی

انجمن کے زیرِ اہتمام ہونے والے کاموں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور بزرگوں کے لگائے اس پودے کی مل جل کر  آبیاری کی جائے ۔ ارشد قریشی

ہم سماج  پاکستان  کراچی  ( خصوصی رپورٹ )  گذشتہ دنوں  انجمن اتحادُالمسلمین پرتاب گڑھ  کی جانب سے کراچی کے علاقہ منظور کالونی میں ایمبولنس سروس، کمپیوئٹر انسٹی ٹیوٹ اور انگلش لینگویج کلاسز کا آغاز کیا گیا ، اس موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا  جس  کی  نظامت کے فرائض انجمن کے سیکریٹری نشر و اشاعت محمد ثاقب قریشی نے ادا کیے۔ بحیثیت سیکریٹری نشر واشاعت محمد ثاقب قریشی نے انجمن کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور  جاری اور مستقبل قریب میں جاری ہونے والے پروجیکٹ کے بارے میں حاظرین کو  آگاہ کیا۔

تقریب میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی  ساتھ ہی  انجمن کے موجودہ و سابقہ عہدیداروں، معززین شہر اور  دیگر برادریوں کے  عہدیداروں نے شرکت کی اور انجمن کی جانب سے کی جانے والی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔علاقہ مکینوں کی جناب سے اظہار خیال کرتے ہوئے  ایمبولنس سروس، کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ اور انگلش لینگویج کلاسز کو منظور کالونی و محمود آباد کے لوگوں کے لیے  ایک انمول تحفہ قرار دیا اورکہا کہ اس علاقہ میں ان کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی تھی ، انہوں نے انجمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے   ہمیشہ کی طرح اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

صدرِ انجمن  خلیل الدین قریشی نے کہا کہ  منظور کالونی و محمود آباد کے لوگوں نے ہمیشہ برادری میں ہراول دستہ  کا کردار ادا کیا ہے اور انجمن کے ساتھ شانہ با شانہ چلتے رہے ہیں ۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اسلم جلالی  نے اپنے مخصوص انداز میں گفتگو کرتے ہوئے برادری کے ان لوگوں کا خصوصی ذکر کیا جنہوں نے تعلیم میں  ایک مقام حاصل کیا  ، انہوں نے تعلیم  پر ذور دیتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا میں کہیں بھی مقیم ہوں لیکن تعلیم ہمارے معاشرے  کے سدھار کے لیے انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے  انجمن کے فلاحی کاموں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دیگر ممالک میں رہنے والے برادری کے  لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انجمن کے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کا اپنا حصہ ڈالا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ پرتاب گڑھ انٹرنیشنل فورم پر کام شروع کردیا گیا ہے جس کا مجلسِ شوریٰ سے منظوری کے بعد اعلان کردیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن کے سابقہ عہدیداران   گل حسن  اور رجب علی نے انجمن کے  تعلیمی اور طبی شعبوں میں خدمات  کو   سراہتے  ہوئے  زبردست  خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقہ کے یوسی کونسلر  اور انصاری  برادری کے صدر نے بھی  اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔

انجمن کے  جنرل سیکریٹری فیصل  شہاب نے امریکہ میں مقیم  برادری کے لوگوں کی جانب سے انجمن کی مدد کرنے پر تمام کا شکریہ ادا کیا اور مزید جذبہ سے کام کرنے کی عزم کا اظہار کیا۔

تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے ارشد قریشی نے   منظور کالونی  و محمودآباد کے مکینوں کے لیے   انجمن کی جانب سے دی جانے والی سہولیات  پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انجمن کے عہدیداروں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا  کہ انجمن وہ پودا ہے جسے ہمارے بزرگوں نے لگایا اور اس کی اس طرح پرورش کی جس طرح باپ اپنی اولاد کی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا جب کوئی باپ اپنے بچے کو بہت زیادہ لاڈ کرتا ہے تو اسے  پیار سے اپنے کاندھوں پر بٹھا لیتا  ہے ۔ وہ اس طرح اس لیے کرتا ہے کہ اس کی خواہش ہوتی ہے کہ جہاں تک وہ خود دیکھ رہا ہے اس کا بچہ اس سے بھی آگے تک دیکھے ۔ تو بس انجمن کو اپنے کاندھوں پر بٹھا لیجیے  اور مل جل کر اس پودے کی آبیاری کیجیے جو اس وقت تن آور درخت بن چکا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  انجمن کے ایگزیکٹوممبران عبدالمجید اور نجم الحسن نے بھی انجمن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے  زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاءکو ایمبولنس دفتر، اودھ اسکول میں بنائی گئی نئی پریکٹیکل  لیبارٹری، کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ اور انگلش لینگویج کلاسز کا دورہ کرایا گیا ۔ اسکول میں نئے شعبہ جات کے قیام کے بعد طلباء کے بیٹھنے کے لیے ڈیسکوں کی شدید ضرورت محسوس کی جارہی  ہے۔ اس حوالے سے  مخیر حضرات سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس کارِ خیر میں دل کھول کر اپنا حصہ ڈالیں ۔   

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Share via
Copy link