اتحاد امت وقت کی سب سے بڑی ضرورت، | تحریر علی مرتضیٰ حیدری
ہفتہ وحدت اسلام کے مختلف فرقوں کے درمیان اتحاد اور اتفاق کے فروغ کے لیے منایا جانے والا ایک خاص ہفتہ ہے۔ اس ہفتے کا مقصد مسلمانوں کو اپنے اختلافات کو بھلا کر ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانا اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔
امام خمینیؒ نے اس ہفتے کو وحدت کے طور پر مقرر کیا تاکہ اختلافات کو کم کیا جاسکے اور مسلمانوں کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکے۔ یہ ہفتہ مسلمانوں کے اتحاداور
محبت کا ایک خوبصورت پیغام ہےہفتہ وحدت کی شروعات امام خمینیؒ نے 1978 میں کی تاکہ 12 تا 17 ربیع الاول، جو کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت کا مہینہ ہے، کو مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد کا پیغام دیں اور فرقہ واریت کے خاتمے کی کوشش کریں۔
یاد رہے اسلام ایک ایسا دین ہے جو اتحاد، بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے”وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَلَا تَفَرَّقُوا”(آل عمران:103)
یعنی “اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ میں نہ پڑو۔
آج جب امت مسلمہ اندرونی اختلافات، فرقہ واریت، اور بیرونی سازشوں کا شکار ہے، تو وحدت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس ہفتے کو صرف تقریبات تک محدود نہ رکھیں بلکہ عملی طور پر اپنے دلوں کو جوڑیں، برداشت اور رواداری کو فروغ دیں، اور اپنے مشترکہ دشمنوں کے خلاف ایک صف میں کھڑے ہوں۔
موجودہ دور میں وحدت کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اسی وحدت کے ذریعے سے ہی فرقہ واریت کے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے جان لو مسلمانوں یہ فرقہ واریت امت کی طاقت کو کمزور کر دیتی ہے، داخلی خلفشار اور بیرونی حملوں کا سامنا بڑھا دیتی ہے۔ اس سے مسلمانوں کی سیاسی، سماجی، اور اقتصادی ترقی متاثر ہوتی ہے۔
امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز
آج دنیا میں مسلمانوں کو دہشت گردی، انتہا پسندی، غربت، اور ناانصافی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان چیلنجز کا مقابلہ صرف اتحاد کے ذریعے ہی ممکن ہے
ہفتہ وحدت ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سب مسلمانوں کے لیے رحمت بن کر آئے تھے، لہٰذا ہمیں بھی ان کے اسوہ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے محبت، احترام، اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
مسلمانوں کے درمیان اتحاد نہ صرف دینی تقاضا ہے بلکہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت بھی۔ اگر ہم ایک امت بن جائیں تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔ آئیے! ہفتہ وحدت کے موقع پر عہد کریں کہ ہم نفرتوں کو دفن کریں گے، اور محبت، بھائی چارے، اور یگانگت کو فروغ دیں گے جان لو!
اتحاد امت ہی مسلمانوں کی کامیابی کی کنجی ہےہمیں نفرت نہیں، محبت پھیلانی چاہیے۔
اس پورے موضوع کا خلاصہ کرنا چاہیے تو ہمیں علامہ محمد اقبالؒ نے وحدت امت کی اہمیت اور مسلمانوں کی یکجہتی کو بہت خوبصورت الفاظ میں بیان کیا ہے۔
منفعت ایک ہے اس قوم کی، نقصان بھی ایک
ایک ہی سب کا نبیؐ، دین بھی، ایمان بھی ایک
حرمِ پاک بھی، اللہ بھی، قرآن بھی ایک
کیا بڑی بات تھی ہوتے جو مسلمان بھی ایک!
یہی پیغام ہمیں فرقہ واریت کے سائے سے نکل کر محبت، اتحاد، اور اخوت کی روشنی میں جینے کی ترغیب دیتا ہے۔ اگر ہم اس پیغام کو دل سے اپنائیں تو امت مسلمہ کی کامیابی یقینی ہے۔