چین کی سیاسی قیادت کا سیلف گورننس اور خود اصلاحی کا عزم. | تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
کسی بھی سیاسی جماعت کی اصل مضبوطی صرف اس کے اقتدار، تنظیمی ڈھانچے یا ترقیاتی اہداف سے نہیں بلکہ اس صلاحیت سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ وہ اپنی خامیوں کی نشاندہی کرکے ان کی اصلاح کس طرح کرتی ہے۔ عوامی اعتماد برقرار رکھنے، اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے اور قومی ترقی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی، سخت نظم و ضبط اور احتساب بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے اسی تصور کے تحت سیلف گورننس، خود اصلاحی اور بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کو اپنی تنظیمی حکمت عملی کا اہم حصہ بنایا ہے، جس کا اظہار حال ہی میں منعقد ہونے والے مرکزی اجلاس کے فیصلوں میں نمایاں طور پر ہوا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں مرکزی کمیٹی کا پانچواں کل رکنی اجلاس پیر سے جمعرات تک بیجنگ میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کے اندر ہمہ گیر اور سخت نظم و ضبط کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے سے متعلق قرارداد منظور کی گئی۔ اجلاس کی صدارت مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو نے کی، جبکہ جنرل سیکریٹری شی جن پھنگ نے اہم خطاب کیا۔ شرکا نے سیاسی بیورو کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ سنی اور اس پر غور کیا، جبکہ شی جن پھنگ نے پارٹی کی سیلف گورننس کو مضبوط بنانے سے متعلق قرارداد کے مسودے کی وضاحت بھی پیش کی۔
اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے چوتھے کل رکنی اجلاس کے بعد سیاسی بیورو کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کی تاریخ اور اس کی کامیابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر پر زور دیا گیا کہ مسلسل کامیابیوں کی بنیاد کمیونزم کے نصب العین سے وابستگی، چینی قوم کی قومی نشاۃ الثانیہ اور عوام کی خوش حالی کے لیے کوششوں میں ہے۔ اس تصور کے مطابق پارٹی کی تنظیمی مضبوطی اور نظم و ضبط کو عوامی مفادات اور قومی ترقی کے وسیع تر مقاصد سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
نئے عہد میں سی پی سی نے اپنی نگرانی، تنظیمی انتظام اور خود اصلاحی کو مؤثر بنانے کے لیے متعدد نئے نظریات اور حکمت عملیاں متعارف کرائی ہیں۔ شی جن پھنگ کی قیادت میں پارٹی کی تعمیر سے متعلق فکر نے اس سوال کو مرکزی اہمیت دی ہے کہ ایک مارکسی جماعت کو طویل عرصے تک حکمرانی کے لیے کس طرح مضبوط، منظم اور جواب دہ بنایا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے سازگار حالات موجود ہیں، تاہم عالمی، قومی اور پارٹی سطح پر بدلتی صورت حال نئے چیلنجز بھی سامنے لا رہی ہے۔
ان چیلنجز میں قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا تحفظ، اصلاحات اور ترقی کو آگے بڑھانا، سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنا اور پارٹی کی دیانت داری و ترقی پسندانہ حیثیت کو محفوظ رکھنا شامل ہیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پارٹی کے دستور کو بنیادی رہنما اصول بناتے ہوئے اس کی قیادت، تنظیمی اتحاد اور مرکزی کمیٹی کی مرکزی و متحد قیادت کو مضبوط رکھا جائے گا۔
سی پی سی کی سیلف گورننس کے لیے اجلاس میں کئی بنیادی اصول واضح کیے گئے۔ ان میں پارٹی کے مشن کی تکمیل، سیاسی بنیادوں پر تنظیم کو مضبوط بنانا، تمام سطحوں پر سخت نظم و ضبط نافذ کرنا، مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل، بنیادی اصولوں پر قائم رہتے ہوئے جدت کو فروغ دینا، اعلیٰ سطح سے نچلی سطح تک اقدامات میں ہم آہنگی اور قواعد و ضوابط کے مطابق پارٹی کے امور چلانا شامل ہیں۔ ان اصولوں کا مقصد احتساب کو محض وقتی مہم کے بجائے ایک مستقل ادارہ جاتی عمل بنانا ہے۔
اجلاس میں پارٹی کے کردار اور نظریاتی وابستگی کو مضبوط بنانے کو سیلف گورننس کی بنیادی ذمہ داری قرار دیا گیا۔ جمہوری مرکزیت کو پارٹی کا بنیادی تنظیمی اصول اور نظامِ قیادت قرار دیتے ہوئے اس پر مؤثر عمل درآمد کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ اسی طرح عہدے داروں کی نگرانی اور ان کے نظم و ضبط کو بھی کلیدی حیثیت دی گئی۔ اس مقصد کے لیے ایسی باصلاحیت ٹیم تیار کرنے پر زور دیا گیا جو سیاسی عزم، پیشہ ورانہ مہارت، عمدہ طرز عمل اور سخت نظم و ضبط کی پابندی کی حامل ہو۔
پارٹی کی تمام سطحوں اور شعبوں میں تنظیمی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور ان کے سیاسی و تنظیمی کردار کو مضبوط کرنے پر بھی توجہ دی گئی۔ اس حکمت عملی کے تحت ہر سطح کی پارٹی تنظیموں کو سیلف گورننس کے نفاذ میں بنیادی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ طرز عمل میں بہتری اور نظم و ضبط کی سختی کو مؤثر حکمرانی کے لیے ضروری اقدامات قرار دیا گیا، جبکہ پارٹی اور ریاستی نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کو طویل مدتی حکمت عملی کا حصہ بنایا گیا۔
بدعنوانی کے خلاف جدوجہد اجلاس کے اہم موضوعات میں شامل رہی۔ اس حوالے سے ایسا نظام قائم کرنے پر زور دیا گیا جس میں عہدے داروں کو بدعنوانی کرنے کی نہ جرأت ہو، نہ موقع ملے اور نہ ہی اس کی خواہش پیدا ہو۔ مرکزی کمیٹی نے واضح کیا کہ بدعنوانی کی ظاہری علامات کے ساتھ اس کے بنیادی اسباب کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے سخت سزاؤں، اہدافی اصلاحی اقدامات اور مؤثر روک تھام کو یکجا کرتے ہوئے بدعنوانی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ پارٹی کے قواعد و ضوابط کو مضبوط بنانا بھی اسی عمل کی مستقل بنیاد قرار دیا گیا۔
اجلاس میں آئندہ سیاسی و تنظیمی ترجیحات کے ساتھ مستقبل کے اہم مراحل کا تعین بھی کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی اکیسویں قومی کانگریس 2027 کی دوسری ششماہی میں بیجنگ میں منعقد ہوگی۔ یہ کانگریس ایسے وقت میں ہوگی جب چین سوشلسٹ جدیدیت کی بنیادی طور پر تکمیل اور دوسرے صد سالہ ہدف کی جانب پیش قدمی کے سفر میں ہوگا، اس لیے اسے پارٹی اور ملک دونوں کے لیے اہم سیاسی اجتماع قرار دیا گیا۔
اجلاس میں مرکزی کمیٹی میں خالی نشستیں متبادل ارکان کے ذریعے پُر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ نظم و ضبط اور قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق معائنہ رپورٹس پر غور کرکے متعلقہ فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر پوری پارٹی سے اپیل کی گئی کہ وہ شی جن پھنگ کی قیادت میں مرکزی کمیٹی کے گرد مزید مضبوطی سے متحد رہے اور نئے عہد میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم سے متعلق شی جن پھنگ کی فکر پر مکمل عمل درآمد کرے۔
مجموعی طور پر، اجلاس کے فیصلے اس بات کو نمایاں کرتے ہیں کہ سی پی سی اپنی تنظیمی مضبوطی، سیلف گورننس اور خود اصلاحی کو قومی ترقی اور عوامی مفادات کے تحفظ سے مربوط رکھنا چاہتی ہے۔ سخت نظم و ضبط، مؤثر نگرانی، عہدے داروں کی جواب دہی اور بدعنوانی کی روک تھام کو مستقل نظام کا حصہ بنانے کی کوشش اس حکمت عملی کا مرکزی پہلو ہے۔ اس تصور کے تحت پارٹی کی مضبوطی کا معیار صرف اس کی تنظیمی صلاحیت نہیں بلکہ یہ بھی ہے کہ وہ بدلتے حالات میں اپنے اصولوں پر کس حد تک قائم رہتی ہے اور اپنے طے شدہ قومی و عوامی اہداف کے حصول کے لیے کس قدر مؤثر انداز میں آگے بڑھتی ہے۔
شاہد افراز خان کی مزید تحریریں پڑھیں۔
