مشرق وسطیٰ کے بھنور میں پاکستان کی ٹانگ. | تحریر : ڈاکٹر نذر حافی

Spread the love

تازہ ترین رپورٹس کے مطابق مشرق وسطی میں طبل جنگ بجنے کو ہے۔ دوسری طرف ساری دنیا کی نظریں اس وقت پاکستان پر ہیں۔ یہ ایک معمہ ہے کہ اگر یہ طبل بج اٹھتا ہے تو پھر ایسے میں پاکستان کیا کرے گا؟

دنیا اس وقت بارود کے ایک ایسے ڈھیر پر کھڑی ہے کہ جہاں کسی بھی لمحے ایک چنگاری ایک تباہ کن جنگ کو جنم دے سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس ہولناک تصادم کے امکانات ستر سے اسی فیصد تک جا پہنچے ہیں۔ عالمی معیشت کی شہ رگ، آبنائے ہرمز، اور تیل کی سپلائی لائن اس وقت امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے سیکیورٹی کا سب سے حساس اور بھیانک ڈراؤنا خواب بن چکی ہے۔ حوثی مجاہدین کی جانب سے گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران سعودی عرب پر داغے گئے بارہ سے زائد بیلسٹک میزائل اور ڈرونز نے خطے کی فضا کو مزید مکدر کر دیا ہے۔

اگرچہ سعودی دفاعی نظام نے ریاض اور عسیر کے اوپر بیشتر حملوں کو فضا ہی میں نیست و نابود کر دیا، مگر اس جنگی لہر نے یہ تلخ سچائی عیاں کر دی ہے کہ اگر اب معرکہ چھڑا تو پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آئے گا۔ یہی وجہ ہے کہ استنبول کی ہنگامی آٹھ ملکی بیٹھک میں پاکستان، مصر، سعودی عرب اور یورپی وزرائے خارجہ بحری گزرگاہوں کو بچانے کی آخری سفارتی کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن سفارتی میز پر ہونے والی یہ سرگرمیاں زمینی حقائق کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہیں کیونکہ عسکری جنون اس وقت امن کی ہر خواہش پر بھاری ہو چکا ہے۔
سفارت کاری کا بنیادی اصول سیکیورٹی کی یقین دہانی ہوتا ہے، مگر یہاں دفاعی اتحاد اور سفارتی سرگرمیاں خطے کو امن کے قریب لانے کے بجائے جنگ کے امکانات کو مزید تیز کر رہی ہیں۔

اس جنگی جنون کی سب سے بھاری قیمت اسرائیل معاشی اور داخلی محاذ پر چکا رہا ہے، جو اب تک غزہ، لبنان اور ایران کے خلاف کثیر الجہتی محاذوں پر سو ارب ڈالر سے زائد کی خطیر رقم داؤ پر لگا چکا ہے۔ دفاعی بجٹ کا اکاون ارب ڈالر سے تجاوز کر جانا، جو کہ پچھلے سال کی نسبت ایک سو ساٹھ فیصد زیادہ ہے، اس کی گرتی ہوئی معیشت پر آخری ضرب ثابت ہو رہا ہے۔ جی ڈی پی کے اڑسٹھ فیصد تک پہنچنے والے سرکاری قرضے نے عالمی کریڈٹ ایجنسیوں کو اسرائیل کی ریٹنگ گھٹانے پر مجبور کر دیا ہے، جس سے ملک میں تعمیرات، زراعت اور سیاحت کے شعبے دم توڑ چکے ہیں۔ لاکھوں ریزرو فوجیوں کی محاذوں پر مسلسل موجودگی اور فلسطینی مزدوروں پر پابندی نے مقامی کاروباروں کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے، جبکہ کمر توڑ مہنگائی نے عام اسرائیلی ووٹر کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا۔ مزے کی بات یہ ہے کہ اس بحران کے دوران اسرائیلی فوج اور وزارتِ خزانہ کے مابین ایک اندرونی سرد جنگ چھڑ چکی ہے، جہاں آرمی چیف نے خالی خزانوں کا رونا روتے ہوئے جنگی تیاریوں کے متاثر ہونے کی وارننگ دی ہے اور وزارتِ خزانہ مزید فنڈز دینے سے صاف انکاری ہے کیونکہ دفاع پہلے ہی پورے ملکی بجٹ کا ایک تہائی حصہ ہڑپ کر رہا ہے۔

اسرائیل اس وقت دفاعی بجٹ پر سب سے زیادہ رقم اس لیے خرچ کر رہا ہے تاکہ وہ خود کو ناقابلِ تسخیر بنا سکے لیکن یہی بے تحاشا مالی اخراجات اس کے اندرونی ڈھانچے کو کھوکھلا کر کے اسے اندر سے تباہ کر رہے ہیں۔

اگر عسکری و جغرافیائی موازنہ کیا جائے تو یہ جنگ ایک بالکل غیر متوازن کھیل ہے، جہاں اسرائیل ایک گنجان آباد اور جغرافیائی گہرائی سے محروم ملک ہے، جبکہ اس کے موازنے میں ایران کا رقبہ اس سے پچہتر گنا بڑا یعنی سولہ لاکھ مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ ایران کا یہ وسیع رقبہ، اس کا پہاڑی جغرافیہ اور زمین دوز “میزائل شہر” اسے یہ اسٹریٹجک برتری دیتے ہیں کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے کسی بھی تباہ کن فضائی حملے کے بعد بھی اپنی عسکری کمانڈ اور میزائل لانچرز کو محفوظ رکھ کر جوابی وار کر سکے۔ دو ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے مشرقِ وسطیٰ کے سب سے بڑے بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ذخیرے کی بدولت ایران تل ابیب اور حیفا جیسے گنجان آباد شہروں یا حساس پاور پلانٹس کو ایک ہی ہدف میں مفلوج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انسانی وسائل کے اعتبار سے نو کروڑ کی آبادی اور لاکھوں بسیج رضاکاروں کا حامل ایران کئی دہائیوں کی بین الاقوامی پابندیاں جھیل کر مشکلات کا عادی ہو چکا ہے، جبکہ اس کے برعکس محض ایک کروڑ کی آبادی والا اسرائیل طویل جنگ کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا کیونکہ اس کے شہریوں کا زیادہ دیر محاذ پر رہنا معیشت کا پہیہ مکمل جام کر دیتا ہے، اوپر سے ایران کا سب سے خطرناک ہتھیار “محورِ مقاومت” ہے جو اسرائیل کو ایک ساتھ کئی سرحدوں پر لہولہان کرنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔

اسرائیل کی تکنیکی برتری اور جدید ترین ہتھیار اس کے گنجان آباد اور محدود جغرافیے کے باعث بے اثر ہو جاتے ہیں، جہاں دفاعی طور پر مضبوط ہونا ہی اس کی سب سے بڑی سیکیورٹی کمزوری بن گیا ہے۔

پاکستان کے لیے مشرقِ وسطیٰ کا یہ آتش فشاں ایک انتہائی ہولناک اسٹریٹجک جال بن کر ابھرا ہے، کیونکہ اگست 2026 میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے دفاعی معاہدے کے تحت کسی بھی ایک ملک پر حملہ سب پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ مکہ معاہدے کی رو سے پاکستان سعودی عرب کی سیکیورٹی کے لیے اپنی فضائیہ اور فوجی دستے بھیجنے کا پابند ہے، خاص طور پر حوثی مجاہدین کے ان حالیہ حملوں کے تناظر میں، اور وہ آبنائے ہرمز کی بندش کے خلاف سفارتی محاذ پر بھی کھڑا ہے۔ ایسے میں اگر یہ جنگ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان ایک وسیع معرکے میں تبدیل ہوتی ہے، تو پاکستان کا غیر جانبدار رہنا ناممکن ہو جائے گا۔ ایک طرف سعودی عرب کی حفاظت کے لیے دستے اور دفاعی نظام بھیجنے کا شدید ترین بین الاقوامی اور اتحادی دباؤ ہوگا، تو دوسری طرف ایران کے ساتھ نو سو کلومیٹر طویل سرحد کی جیو پولیٹیکل حقیقت اس کے پاؤں کی زنجیر بن جائے گی۔ پاکستان کسی بھی صورت ایران مخالف عسکری اتحاد کا حصہ بننے کا خطرہ مول نہیں لے سکتا، کیونکہ ایسا کوئی بھی فیصلہ ملک کے اندر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تار تار کرنے، داخلی سیکیورٹی کو تباہ کرنے اور لاکھوں پناہ گزینوں کے سیلاب کو دعوت دینے کا سبب بنے گا۔

سب سے حساس مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر اپنی اہمیت برقرار رکھنے اور اتحادیوں کو تحفظ دینے کے لیے جس دفاعی معاہدے کا حصہ بنا تھا، وہی معاہدہ اب اسے اپنی داخلی سلامتی اور ملکی استحکام کو داؤ پر لگانے پر مجبور کر رہا ہے۔

بہر حال یہ مشکل حالات ہمیں یہ سیکھنے اور سوچنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں کہ ہم اس بھنور میں اپنی ٹانگ اڑانے کے بجائے اس سے دور رہنے کے راستے تلاش کریں۔ ورنہ بھنور تو بھنور ہوتا ہے۔

نذر حافی کی مزید تحریریں پڑھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *