سیلف گورننس اور خود اصلاحی کا چینی ماڈل. | تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
ایک بڑی سیاسی جماعت کے لیے اپنے اندر موجود خامیوں کی نشاندہی کرنا، ان کی اصلاح کرنا اور عوامی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانا مسلسل ذمہ داری ہے۔ چین میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا، جس کے ارکان کی تعداد 10 کروڑ سے زیادہ ہے اور جو ایک ارب 40 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک کی حکمرانی کی ذمہ دار ہے، اس مقصد کے لیے سیلف گورننس اور خود اصلاحی کے عمل کو اہمیت دے رہی ہے۔ اسی سلسلے میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں مرکزی کمیٹی کا پانچواں کل رکنی اجلاس اس وقت بیجنگ میں جاری ہے، جس میں پارٹی کی جامع اور سخت سیلف گورننس کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھانے سے متعلق اہم امور پر غور کیا جا رہا ہے۔
شی جن پھنگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں، کے مطابق نئے دور میں جامع اور سخت سیلف گورننس پارٹی کی خود اصلاحی کا ایک اہم عملی تجربہ ہے، جس نے اس عمل کو نئی جہت دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کو اپنی تنظیمی مضبوطی برقرار رکھنے کے لیے مسلسل اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا اور خامیوں کو دور کرنا چاہیے۔ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر جولائی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اپنی مضبوطی اور توانائی برقرار رکھنے کی صلاحیت پارٹی کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک ہے۔
چین میں عوام کی بہتر زندگی کے لیے ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی خاطر اصلاحات کو وسیع کیا جا رہا ہے، جبکہ پارٹی کی خود اصلاحی کو حکمرانی کی صلاحیت بہتر بنانے کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ 1978 میں اصلاحات اور کھلے پن کی پالیسی کے آغاز کے بعد چین نے معیشت، معاشرت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ تاہم اصلاحات کا عمل اب ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں پیچیدہ مسائل کو حل کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہے۔ شی جن پھنگ نے ان دشوار اصلاحات کو ایسے سخت ہڈیوں سے تشبیہ دی ہے جنہیں چبانا آسان نہیں۔ ایسے حالات میں پارٹی کی سیلف گورننس کو اصلاحات کے تسلسل اور مؤثر حکمرانی کے لیے ضروری قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی امور کے بعض بین الاقوامی محققین کے مطابق، چین میں سیلف گورننس کو حکمران جماعت کی مسلسل ذمہ داری کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ داخلی معائنے، انضباطی نگرانی اور بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کا مقصد تنظیمی کمزوریوں کی نشاندہی، ضابطوں پر عمل درآمد اور حکومتی پالیسیوں کو مؤثر انداز میں نافذ کرنا ہے۔ بعض مبصرین نے اس عمل کو چینی فکری روایت میں مسلسل سیکھنے اور اپنی اصلاح کرنے کے تصور سے بھی جوڑا ہے۔ ان کے مطابق حکمرانی کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے ایسی سیاسی ثقافت ضروری ہے جو عوامی خدمت کو بنیادی اہمیت دے۔ اس نقطہ نظر کے تحت خود اصلاحی کو محض عارضی مہم یا نمائشی اقدام کے بجائے مستقل ادارہ جاتی عمل قرار دیا جاتا ہے۔
سیلف گورننس کو روزمرہ حکومتی امور کا حصہ بنانے کے لیے دسمبر 2012 میں آٹھ نکاتی ضابطہ متعارف کرایا گیا۔ اس میں پارٹی عہدیداروں کے سرکاری دوروں، اجلاسوں، دستاویزات اور دیگر ذمہ داریوں کے لیے قواعد مقرر کیے گئے۔ اس ضابطے کے تحت سرکاری وسائل کے غیر ضروری استعمال، تعطیلات کے موقع پر تحائف کی خریداری کے لیے عوامی فنڈز کے غلط استعمال اور دفتری اوقات سے باہر ہونے والی بعض بے ضابطگیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں۔ قواعد، معائنے اور تادیبی اقدامات کے ذریعے ان ضابطوں پر عمل درآمد کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کا تذکرہ کیا جائے تو 2025 میں مرکزی کمیٹی کے شعبہ تنظیم کے براہ راست انتظامی دائرے میں آنے والے 181 عہدیداروں کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات درج کیے گئے۔ انضباطی معائنے اور نگرانی کے اداروں نے گزشتہ سال 10 لاکھ سے زیادہ مقدمات درج کیے، جبکہ 47 ہزار افراد کو حراست میں لیا گیا۔ مجموعی طور پر 9 لاکھ 83 ہزار افراد کو پارٹی کے انضباطی یا انتظامی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 26 ہزار افراد نے رضاکارانہ طور پر خود کو حکام کے حوالے کیا۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق، ان اقدامات سے بدعنوانی کے خلاف کارروائی کو محض کاغذی تقاضوں سے آگے بڑھا کر عملی نفاذ کی طرف لے جانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس حکمت عملی میں سزا، ادارہ جاتی پابندیوں اور اخلاقی ذمہ داری کے احساس کو یکجا کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں عہدیدار بدعنوانی کرنے کی جرأت نہ کریں، انہیں اس کا موقع نہ ملے اور وہ خود بھی ایسے عمل سے گریز کریں۔
پارٹی کی تنظیموں اور عہدیداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے باقاعدہ انضباطی معائنے بھی کیے جاتے ہیں۔ ان کے ذریعے دیکھا جاتا ہے کہ آیا متعلقہ ادارے مرکزی فیصلوں پر عمل کر رہے ہیں، اختیارات کا درست استعمال ہو رہا ہے اور ذمہ داریاں پوری کی جا رہی ہیں یا نہیں۔ معائنہ کرنے والی ٹیمیں خامیوں کی نشاندہی کرکے متعلقہ اداروں کو آگاہ کرتی ہیں، جبکہ ان اداروں کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ نگرانی کے تحت اصلاحی اقدامات کریں۔
یہ طریقۂ کار ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں بھی اختیار کیا جا رہا ہے۔ مرکزی ماحولیاتی معائنے کے ذریعے جانچا جاتا ہے کہ مقامی پارٹی کمیٹیاں اور حکومتیں ماحول کے تحفظ سے متعلق اپنی ذمہ داریاں کس حد تک پوری کر رہی ہیں۔ 2017 کے اختتام تک پہلے مرحلے میں ملک کے تمام 31 صوبائی سطح کے علاقوں کا معائنہ کیا گیا تھا۔ 2018 میں اس کے بعد کی جانچ کے تحت 20 علاقوں کا دو مرحلوں میں جائزہ لیا گیا، جبکہ 2025 میں جاری کیے گئے ضابطوں میں ضرورت کے مطابق اصلاحی اقدامات کی دوبارہ جانچ کی گنجائش بھی رکھی گئی۔
سیلف گورننس اور احتساب کے اثرات سرکاری عہدیداروں کے طرز عمل تک محدود نہیں بلکہ عوامی وسائل کے استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ اسکولوں میں طلبہ کے کھانے کے پروگراموں سے متعلق بدعنوانی اور بدانتظامی کے خلاف کارروائیاں اس کی ایک مثال ہیں۔ فروری 2026 میں جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق، 2025 میں ملک بھر میں ان پروگراموں سے متعلق بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے 61 ہزار مقدمات نمٹائے گئے، جبکہ 35 ہزار افراد کو پارٹی کے انضباطی یا انتظامی سزائیں دی گئیں۔ حکام نے کھانے کے لیے مختص فنڈز، خریداری کے طریقۂ کار اور خوراک کے تحفظ کی نگرانی بھی سخت کی۔
مبصرین کے مطابق، ایسے اقدامات عوامی فنڈز کے غلط استعمال کو روکنے، وسائل کے ضیاع میں کمی اور ترقیاتی منصوبوں پر بہتر عمل درآمد میں مدد دے سکتے ہیں۔ چین کی اقتصادی ترقی اور غربت میں کمی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے بعض محققین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ حکمران جماعتوں کے لیے اپنی پالیسیوں کے عملی نتائج کا جائزہ لینا اور خامیوں کو تسلیم کرکے انہیں درست کرنا ضروری ہے۔ چین کے دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور تیز رفتار ریلوے کے پھیلاؤ کو ان کوششوں کے نمایاں نتائج کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
محققین کے مطابق، چین کی حکمرانی کے تجربے میں طویل مدتی منصوبہ بندی، عملی نفاذ، باہمی فائدے پر مبنی بین الاقوامی تعاون اور عوام کو مرکزیت دینے والے ترقیاتی نقطہ نظر کو اہم مقام حاصل ہے۔ یہ تجربہ گلوبل ساؤتھ ممالک کے لیے بھی مفید اسباق فراہم کرتا ہے، خصوصاً اقتصادی ترقی کو برقرار رکھنے، عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور خود انحصار ترقی کی صلاحیت مضبوط کرنے کے حوالے سے۔
چین میں سیلف گورننس کے اس عمل کا بنیادی مقصد پارٹی کے اندر نظم و ضبط بہتر بنانے کے ساتھ حکومتی صلاحیت، عوامی خدمت اور ترقیاتی پالیسیوں کے نفاذ کو مضبوط کرنا ہے۔ اس حکمت عملی میں احتساب، بدعنوانی کے خلاف کارروائی، ادارہ جاتی نگرانی اور اصلاحی اقدامات کو ایک دوسرے سے مربوط کیا گیا ہے۔ اس کے نتائج کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ قواعد پر مسلسل عمل درآمد ہو، خامیوں کی نشاندہی کے بعد مؤثر اصلاحات کی جائیں اور عوامی وسائل کو ان کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے۔ یہی پہلو سیلف گورننس کو محض داخلی نظم و ضبط سے آگے بڑھا کر حکمرانی اور ترقی کے وسیع تر عمل سے جوڑتا ہے۔
