ایک مردہ کچھوا یاآبی حیات کی بقا کو خطرہ کا الارم. | تحریر: عرشی عباس

Spread the love

کلفٹن کے ساحل پر پایا گیا مردہ کچھوا۔۔۔۔کیا پاکستان کا ساحل بھی نایاب سمندری حیات سے محروم ہوتا جارہا ہے؟۔۔۔۔ یہ ایک ایسا خاموش سوال ہے جس کا جواب ہم سب کے پاس ہے لیکن جواب دینے کو کوئی تیار نہیں!۔

کراچی کے ساحل پر ایک مردہ کچھوے کی موجودگی محض ایک سمندری جانور کی موت نہیں بلکہ پاکستان کے ساحلی ماحولیاتی نظام اور سمندری حیات کے تحفظ سے جڑے اہم سوالات کو بھی سامنے لاتی ہے۔

کلفٹن کے ساحل پر “اولیو رِڈلے نسل” کا ایک سمندری کچھوا مردہ حالت میں برآمد ہونا کوئی نئی بات نہیں۔۔آج سے پہلے بھی اسی ساحل پر مچھلیوں کی بھی کچھ نایاب اقسام مردہ حالت میں مل چکی ہیں۔۔۔لیکن کیوں؟اس کا جواب بھی آج تک نہ مل سکا۔۔۔

لیکن آج بات ہے نایاب نسل کے کچھوے کی موت کیسے؟۔۔۔ عالمی ادارہ برائے تحفظِ قدرتی ماحول ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق بھی کچھوے کی موت کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کچھوے کی موت سمندر میں کسی وجہ سے یا ماہی گیروں کے جال میں پھنسنے کے نتیجے میں ہو سکتی ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان کے مطابق تقریباً دو دہائیوں قبل اولیو رِڈلے نسل کے کچھوے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں بڑی تعداد میں پائے جاتے تھے۔ لیکن اب اس نسل کے کچھوؤں نے افزائشِ نسل کے لیے کراچی سمیت پاکستانی ساحلوں کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے۔

یہ صورتِ حال سمندری حیات کے تحفظ کے حوالے سے تشویش پیدا کرتی ہے۔ لیکن یہاں سوال یہ ہے کہ آخر وہ کون سے عوامل ہیں جو سمندری کچھوؤں کی بقا اور ان کے قدرتی مسکن کے لیے خطرہ بن رہے ہیں؟ اس سب سے پہلے ہم جان لیں کہ یہ نایاب کچھوے کی قسم ہے کونسی ؟۔۔۔۔۔۔۔

اولیو رِڈلے کچھوا کیا ہے؟

اولیو رِڈلے دنیا میں پائی جانے والی سمندری کچھوؤں کی اقسام میں سے نسبتاً چھوٹی نسل میں سے ایک ہے۔ اس کا نام اس کے زیتونی رنگ کے خول کی وجہ سے رکھا گیا ہے۔ یہ کچھوے گرم اور نیم گرم سمندری پانیوں میں پائے جاتے ہیں اور اپنی افزائشِ نسل کے لیے ساحلوں کا رخ کرتے ہیں۔آئی یو سی این نے دنیا میں سب سے زیادہ پائے جانے والے سمندری کچھووں کی اقسام ہونے کے باوجود، انہیں تجارتی ماہی گیری،سمندری آلودگی اور انڈے کے غیر قانونی شکار جیسے خطرات کی وجہ سے کمزور ترین درجہ بندی میں رکھا ہے۔

ان کا وزن صرف چونتیس سے پچاس کلوگرام ہوتا ہے۔ان کی خوراک کیکڑے،جھینگا، جیلی فش اور الگی ہیں۔ اور یہ اپنی خوراک کی تلاش میں پانچ سو فٹ تک کی گہرائی تک چلے جاتے ہیں۔

دنیا کے مختلف خطوں میں اولیو رِڈلے کچھوے اجتماعی طور پر ساحل پر آ کر انڈے دینے کے لیے بھی مشہور ہیں۔ ان کے انڈوں اور بچوں کی بقا کا انحصار ساحلوں کے محفوظ ہونے اور قدرتی ماحول کی دستیابی پر ہوتا ہے،پاکستان کے ساحلی علاقوں میں سمندری کچھوؤں کی موجودگی سمندری ماحولیاتی نظام کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ جاندار قدرتی غذائی زنجیر کا حصہ ہیں اور سمندری ماحول کے توازن میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔۔اور یہی وجہ ہے کہ یہ نایاب کچھوؤں کی قسم آج سے 20سال پہلےتک پاکستان کے ساحلوں کابھی رخ کرتے تھے۔ لیکن اب یہ نسل ہمارے ساحلوں سے ناراض ہوگئی ہے۔۔۔۔

سمندری کچھوؤں کو درپیش خطرات

۔ سمندری کچھوؤں کو دنیا کے مختلف حصوں میں کئی خطرات کا سامنا ہے۔ ان میں ماہی گیروں کے جال میں پھنس جانا ایک اہم خطرہ ہے۔ کیانکہ کچھوے رہتے تو پانی میں ہیں لیکن سانس سطح سمندر پر آکر لیتے ہیں،اور جب یہی کچھوے پانی میں موجود جالوں میں پھنس جاتے ہیں تو وہ سطح پر آ کر سانس نہیں لے پاتے اور ان کی موت واقع ہو سکتی ہے۔

۔ اس کے علاوہ سمندر میں پلاسٹک اور دیگر ٹھوس کچرے کی موجودگی بھی سمندری حیات کے لیے خطرناک ہے۔ کچھوے پلاسٹک کے ٹکڑوں کو خوراک سمجھ کر نگل سکتے ہیں۔

۔آلودگی اور ساحلی علاقوں میں انسانی سرگرمیاں بھی ان کے قدرتی مسکن کو متاثر کر سکتی ہیں۔

۔ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں سمندری درجہ حرارت اور ساحلی ماحول میں تبدیلیاں بھی سمندری کچھوؤں کی افزائشِ نسل پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔

تاہم کلفٹن کے ساحل پر برآمد ہونے والے کچھوے کی موت کی وجہ ان میں سے کوئی ایک عامل قرار نہیں دی جا سکتی۔۔۔

پاکستان کے ساحل اور سمندری حیات کا مستقبل

پاکستان کی ساحلی پٹی نہ صرف معیشت اور ماہی گیری کے لیے اہم ہے بلکہ مختلف اقسام کی سمندری حیات کا مسکن بھی ہے۔ لیکن ساحلی علاقوں میں آلودگی اور قدرتی ماحول میں تبدیلیاں سمندری جانداروں کی بقا کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اولیو رِڈلے نسل کے کچھوؤں کے حوالے سے محمد معظم خان کا بیان ایک اہم پہلو کی طرف توجہ دلاتا ہے۔ اگر کسی نسل کے کچھوے افزائشِ نسل کے لیے ساحلوں کا رخ کم کر دیں یا چھوڑ دیں تو اس صورتِ حال کی وجوہات جاننا ضروری ہو جاتا ہے۔

تو اس کے لئے ہمیں ایسا کیا کرنا چاہئے کہ یہ آبی جاندار نایاب نہ ہوتے رہیں۔۔۔تو ماہرین کے مطابق اس کے لیے طویل مدتی نگرانی اور تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ ان کی نقل و حرکت اور افزائشِ نسل میں تبدیلی کے پیچھے کون سے عوامل کارفرما ہیں۔

آخرتحفظ کے لیے کیا اقدامات کئے جانے چاہئیں؟

سمندری کچھوؤں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ ساحلی علاقوں میں کچرے اور پلاسٹک کی آلودگی کو کم کیا جائے۔

ماہی گیروں میں سمندری حیات کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے اور ایسے طریقوں کو فروغ دیا جائے جن سے غیر ارادی طور پر سمندری جانداروں کے جال میں پھنسنے کے امکانات کم ہوں۔

اس کے ساتھ ساتھ ساحلی علاقوں میں سمندری کچھوؤں کی موجودگی اور افزائشِ نسل کی باقاعدہ نگرانی بھی اہم ہے۔

مردہ حالت میں ملنے والے کچھوؤں اور دوسرے آبی جاندارکا مناسب معائنہ کیا جائے تاکہ ان کی موت کی وجوہات معلوم کرنے میں مدد مل سکے۔

یہاں عوام الناس بھی اس میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں انھیں چاہئے کہ ساحل کو بھی اپنے گھر کی طرح محفوظ اور صاف ستھرا بنائیں، ساحلوں پر کچرا پھینکنے سے گریز کرکے اور سمندری حیات سے متعلق کسی غیر معمولی واقعے کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دے کر اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ایک مردہ کچھوا اور کئی اہم سوالات

کلفٹن کے ساحل پر اولیو رِڈلے کچھوے کی موت ایک ایسا واقعہ ہے جسے صرف ایک خبر سمجھ کر نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ اس واقعے کی اصل وجہ معلوم کرنا اور پاکستان کے ساحلی علاقوں میں سمندری کچھوؤں کی موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لینا ضروری ہے۔کیا پاکستان کے ساحل اس نسل کے کچھوؤں کے لیے پہلے جیسے موزوں نہیں رہے؟ کیا ماہی گیری کے طریقوں اور سمندری آلودگی کا ان کی بقا پر اثر پڑ رہا ہے؟ اور کیا ان کی افزائشِ نسل میں کمی کی وجوہات جاننے کے لیے مؤثر تحقیق کی جا رہی ہے؟ان سوالات کے جوابات ہی سمندری حیات کے تحفظ کے لیے مستقبل کی حکمتِ عملی بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

یہ واقعہ پاکستان کے ساحلی ماحول اور سمندری حیات کے تحفظ کے حوالے سے اہم سوالات اٹھاتا ہے۔کہ کہیں ہم ہی ان سمندری مخلوق کی بقا کے لئے نقصان کا باعث تو نہیں بن رہے؟؟؟۔۔۔۔یہ بات ہم سب کو مل کر سوچنا ہوگی کہ سمندر صرف انسانوں کی معاشی ضروریات پوری کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ بے شمار سمندری جانداروں کا گھر بھی ہے اور اس گھر کو محفوظ رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

One thought on “ایک مردہ کچھوا یاآبی حیات کی بقا کو خطرہ کا الارم. | تحریر: عرشی عباس”

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *