چین میں مصنوعی ذہانت کا نیا دور. | تحریر: محمد رضوان عارف

Spread the love

چین میں مصنوعی ذہانت اب محض لیبارٹریوں یا بڑی کمپنیوں تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ آہستہ آہستہ اسکولوں کی کلاسوں، تفریحی مقامات اور یہاں تک کہ ریسٹورنٹس کے کچن تک پہنچ چکی ہے۔ چین کےکئی شہروں میں اسکولوں کے نصاب میں مصنوعی ذہانت کی تعلیم کو باقاعدہ شامل کیا جا رہا ہے تاکہ نئی نسل کو اس ٹیکنالوجی سے جلد متعارف کروایا جا سکے۔مشرقی چین کے صوبے جیانگ سو کے ایک مڈل اسکول میں طلبہ کمپیوٹر پروگرام لکھ کر اپنے روبوٹس کو پھل پہچاننا سکھا رہے ہیں۔ یہ کام جتنا دلچسپ لگتا ہے، عملی طور پر اتنا ہی مشکل بھی ہے۔ طلبہ  کو پروگرام کو کئی بار دوبارہ چیک کرنا پڑتا ہے اور ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے  لیکن جب روبوٹ نے آخرکار مالٹے کو صحیح پہچان لیا تو سب کی خوشی دیدنی تھی۔ اس تجربے سے انہیں یہ سمجھ آئی کہ تصویر کی پہچان کوئی جادو نہیں بلکہ یہ دراصل بڑے پیمانے پر جمع کیے گئے ڈیٹا پر استوار ہوتی ہے۔وسری طرف بیجنگ نیشنل ڈے اسکول میں مصنوعی ذہانت کو ایک الگ مضمون کے بجائے روزمرہ تعلیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہاں طلبہ چینی زبان کی کلاس میں قدیم پتھر کے محرابی پلوں پر تحقیق کے لیے اور جغرافیہ کی کلاس میں شہری تبدیلیوں کا جائزہ لینے کے لیے مصنوعی ذہانت کی مدد لیتے ہیں۔ اسکول انتظامیہ کے مطابق مقصد یہ ہے کہ طلبہ حقیقی کاموں کے دوران ہی مصنوعی ذہانت کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ حاصل کریں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ طریقہ کار میں پہلے طلبہ کو خود سوچنے کا موقع دیا جاتا ہے پھر وہ اپنی سوچ کو ایک ورک شیٹ پر بغیر مصنوعی ذہانت کی مدد کے لکھتے ہیں اور اس کے بعد ہی مصنوعی ذہانت کو حل تلاش کرنے میں مدد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ چین کی وزارتِ تعلیم کے مطابق 2030 تک ایک ایسا مربوط اور ہر سطح پر پھیلا ہوا مصنوعی ذہانت کا تعلیمی نظام بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے جو ابتدائی جماعت سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک ایک ہی لڑی میں پروئے گا۔

تعلیم سے ہٹ کر اگر تفریح کی بات کی جائے تو جنوبی چین کے صوبے گوانگ دونگ میں ایک ایسا تفریحی مقام کھولا گیا ہے جسے دنیا کا پہلا بڑے پیمانے کا “ایمبائیڈڈ انٹیلیجنس” تھیم پارک کہا جا رہا ہے۔ ہینگ چن کے اس ریزورٹ میں سیکڑوں ہیومنائیڈ روبوٹس موجود ہیں اور افتتاحی تقریب کے لیے تو کچھ روبوٹس کو ڈرونز کے ذریعے فضا سے پارک میں اتارا گیا۔ یہاں آنے والے ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ وہ خاص طور پر اپنے بچے کو یہاں لائے تھے کیونکہ بچوں کو روبوٹس کے ساتھ بلاکس بنانے یا سویابین چننے جیسے مقابلوں میں حصہ لینا بہت پسند ہے، اور اس تجربے سے صاف محسوس ہوتا ہے کہ ملک کی ٹیکنالوجی کتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔پارک میں ہیومنائیڈ روبوٹس کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ روبوٹس پورے احاطے میں مہمانوں کے ساتھ بات چیت کرتے اور انہیں رہنمائی فراہم کرتے نظر آتے ہیں۔ یہاں ایک روبوٹ کارنیول بھی رکھا گیا ہے جہاں عالمی ہیومنائیڈ روبوٹ گیمز کے فاتح روبوٹس اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ پارک انتظامیہ کے مطابق یہ روبوٹس سیاحوں کی رہنمائی سے لے کر خریداری میں مدد اور سائنسی آگاہی کے پروگراموں تک، ہر جگہ مہمانوں کو ایک بالکل نئے تجربے سے روشناس کرواتے ہیں، چاہے وہ مجموعی ماحول ہو یا پھر ایک ایک مہمان سے الگ الگ بات چیت۔ ریزورٹ میں سمندری تھیم پر مبنی تجربات بھی شامل ہیں، جن میں بڑے بڑے ایکویریم اور سمندری جانوروں کی نمائش شامل ہے۔

اب بات کرتے ہیں کھانے پینے کی، جہاں مصنوعی ذہانت نے کچن  تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ جنوب مغربی چین کے صوبے سچوان میں اب جو اسٹر فرائی ڈش آپ کے سامنے آئے، ممکن ہے وہ کسی خودکار ووک میں تیار ہوئی ہو۔ اس ریسٹورنٹ میں روبوٹس بغیر کسی انسانی مدد کے خود ہی اجزاء ڈالتے، انہیں پکاتےاور مصالحہ شامل کرتے ہیں۔ ایک ریسٹورنٹ میں آئے گاہکوں نے بتایا کہ روبوٹ کے بنائے کھانے کا ذائقہ کافی اچھا اور گھریلو کھانے جیسا محسوس ہوا، اور یہ مقامی ذائقے کے مطابق بھی خاصا موزوں تھا۔اس روبوٹ کمپنی کے بانی کے مطابق ان مشینوں میں اب “خود سیکھنے” کی صلاحیت بھی شامل کر دی گئی ہے، جس کی مدد سے یہ کسی باورچی کے کام کرنے کے انداز کو ریکارڈ کر کے اسے 0.1 یونٹ تک کی درستگی کے ساتھ دہرا سکتی ہیں۔ ان کے بقول نیا ماڈل پہلے سے زیادہ ذہین ہو چکا ہے اور مکمل طور پر خودکار کھانا پکانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بس ایک بٹن دبانے پر یہ خود ہی اجزاء شامل کرتا ہے، کھانا پکاتا ہے، پلیٹ میں سجاتا ہے ، یعنی ابتدا سے آخر تک پورا عمل خودکار ہے۔ بانی کے مطابق ان کی مصنوعات فاسٹ فوڈ چینز کے ساتھ ساتھ چھوٹی خاندانی دکانوں میں بھی استعمال ہو رہی ہیں اور رواں سال سے اب تک وہ 14 ممالک اور خطوں کے گاہکوں کو چھ ہزار یونٹس بھیج چکے ہیں۔یہ تینوں مثالیں ایک ہی کہانی کے مختلف رنگ ہیں۔ چاہے وہ کلاس روم ہو، تفریحی پارک ہو یا کسی ریسٹورنٹ کا کچن، مصنوعی ذہانت اب چینی معاشرے میں مستقبل کی بات نہیں رہی بلکہ یہ روزمرہ زندگی کا ایک فطری حصہ بنتی جا رہی ہے۔

محمد رضوان عارف کی مزید تحریرں پڑھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *