نمبروں کی دوڑ انسان کا درجہ۔ | تحریر:عارف بلتستانی
ایک افسوسناک خبر موصول ہوئی کہ ایف ایس سی کے سالانہ امتحان میں کم نمبر آنے پر دلبرداشتہ ہوکر ایک طالبہ نے اپنی زندگی کا چراغ گل کردیا اس طالبہ کے عاقبت نااندیشانہ فیصلے کے پیچھے نہ جانے کتنے دکھ، کتنے دباؤ اور دیگر کتنے عوامل تھے۔ مگر یہ واقعہ ایک سوال ضرور چھوڑ جاتا ہے کہ کیا ہم اپنے بچوں کو امتحان کی تیاری کے ساتھ ساتھ ناکامی اور مشکلات کا سامنا کرنا بھی سکھاتے ہیں۔ امتحان چند نمبروں کا فیصلہ کرسکتا ہے، پوری زندگی کا نہیں۔ پھر بھی ہمارے یہاں کبھی کبھی نمبر بچے کی صلاحیت سے بڑھ کر اس کی شناخت بن جاتے ہیں۔ عموماً ہم نوے فیصد نمبر لانے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور کم نمبروں پر ایسے مایوس ہو جاتے ہیں جیسے رزلٹ کارڈ صرف تعلیمی کارکردگی نہیں بلکہ انسان کی قیمت بھی بتاتا ہو۔ حالانکہ نمبر کم ہوئے تھے، انسان نہیں۔
یہ سوال اسکول سے بھی ہے اور استاد سے بھی۔ ہم نے نمبروں کے لیے ٹیسٹ، امتحان، حاضری، ڈسپلن اور رزلٹ کی نگرانی کے باقاعدہ نظام بنا رکھا ہے، مگر بچے کی شخصیت نکھارنے اور اس کے خوف، الجھن اور تنہائی کے سد باب کے لیے ہمارے پاس کونسا پلان موجود ہے؟ ہر استاد ماہرِ نفسیات نہیں ہوسکتا، لیکن وہ کم نمبر والے بچے کو کم تر سمجھنے سے تو بچ سکتا ہے۔ ادارہ ہر مسئلے کا حل پیش نہیں کرسکتا، مگر ایسا ماحول ضرور بنا سکتا ہے جہاں طالب علم اپنی پریشانی بیان کرنے میں خوف محسوس نہ کرے۔ اور والدین؟ بچے کے نمبر جاننا ضروری ہے، مگر کیا اس کے حال سے واقف ہونا اس سے کم ضروری ہے؟ کتنے نمبر آئے؟ کیا والدین امتحان میں بچوں کے حاصل کردہ نمبروں کے ساتھ اس نوعیت کے استفسار بھی کرتے ہیں؟!! بیٹا تم کیسے ہو؟، آج کیا نیا سیکھا؟
اچھے نمبر کی خواہش رکھنا غلط نہیں، غلطی وہاں سے شروع ہوتی ہے جہاں نمبر بچے کی قدر کا پیمانہ بن جائے اور اس کے اوپر دباؤ کی تلوار لٹکے۔ مگر اسکول اور گھر کے بعد معاشرہ بھی اپنے گریبان میں جھانکے۔ ہمارے سماج میں کامیابی کے کچھ من گھڑت اصول بنا رکھے ہیں۔ اچھے نمبر، بڑی ڈگری، بڑا پیشہ، اچھی ملازمت اور زیادہ آمدنی۔!!! اللہ رے ایسے خود ساختہ اصول۔۔۔ ان چیزوں کی اپنی جگہ اہمیت ہے، مگر انسان ان سب کا مجموعہ نہیں۔ ہم نے شاید تعلیم کو انسان سازی سے زیادہ نمبر سازی بنا دیا ہے۔ ذہن کو معلومات ملتی رہیں، مگر روح، کردار، مقصد اور جینے کے حوصلے کی تربیت کہیں پیچھے رہ گئی تو اس نظام تعلیم کا کیا فائدہ! انسان صرف جسم، ذہانت، ڈگری یا پیشہ نہیں بلکہ اس کے اندر ایک روح، ضمیر، اخلاق اور زندگی کو معنی دینے کی طلب بھی ہے۔ مادی کامیابی زندگی کی ضرورت ہوسکتی ہے، مگر انسان کی پوری حقیقت نہیں۔ شاید اسی لیے بچے کو یہ سکھانا ضروری ہے کہ ناکامی شرمندگی کا باعث نہیں، بلکہ ایک مرحلہ ہے کبھی تو یہ کامیابی کا زینہ بھی ہے۔ راستہ بدلنے سے شکست نہیں ہوتی اور ایک امتحان پوری زندگی کا فیصلہ نہیں کرتا۔
لیکن آخرکار سوال کسی اسکول، استاد، والدین یا معاشرے سے پہلے میں اور آپ سے ہے۔ میں اور آپ اپنے بچے کو کس ترازو میں تولتے ہیں؟ کسی طالب علم کو دیکھ کر سب سے پہلے اس کے نمبر یاد آتے ہیں یا اس کی شخصیت؟ میں کامیابی کو صرف حاصل کرنے والی چیز سمجھتا ہوں یا بننے والی چیز بھی؟ شاید ہمیں بچوں کے رزلٹ کارڈ سے پہلے اپنی اجتماعی سوچ کا رزلٹ کارڈ کھولنا چاہیے کہ اس پر صرف یہ نہ لکھا ہو کہ کتنے ٹاپر بنے، کتنے بڑے اداروں میں پہنچے اور کتنے اچھے پیشوں میں گئے، بلکہ یہ بھی لکھنا چاہئیے کہ کتنے مضبوط کردار کے حامل اور باہمت انسان بنے، جو دوسروں کے کام آئے، مشکل وقت میں خود کو سنبھال سکے اور معاشرے کی رہنمائی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ کیونکہ آخرکار سوال یہ نہیں کہ نمبر کتنے آئے؛ سوال یہ ہے کہ ان نمبروں کی دوڑ میں انسان کی انسانیت کس مقام پر ہے؟ نمبر کم ہوسکتے ہیں، راستے بدل سکتے ہیں، خواب ٹوٹ سکتے ہیں؛ مگر انسان کی اصلی قابلیت اور صلاحیتیں ختم نہیں ہوتیں۔
