خواب دیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ | تحریر: محمد رضوان عارف

Spread the love

زندگی میں خواب دیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، اور نہ ہی حالات انسان کے ارادوں کے آگے دیوار بن سکتے ہیں۔ جنوب مغربی چین کے صوبے سیچوان سے تعلق رکھنے والی تینتیس سالہ لی جیا کی زندگی کی کہانی اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ اگر انسان کے اندر خود کو بہتر بنانے کی سچی تڑپ ہو، تو وہ وقت کی کمی اور روزمرہ کی مصروفیات کے باوجود اپنی منزل پا ہی لیتا ہے۔ ایک یونیورسٹی میں صفائی کرنے والی اور دو بچوں کی ماں کی یہ جدوجہد آج چین بھر میں لاکھوں دلوں کو چھو رہی ہے۔ہر صبح ٹھیک چھ بجے، جب چینگدو یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا پورا کیمپس گہری خاموشی کی چادر اوڑھے سو رہا ہوتا ہے، لی جیا اپنا یونیفارم پہن کر جھاڑو تھامے اپنے معمول کے راستوں پر نکل پڑتی ہیں۔ شروع میں انہوں نے یہ صفائی کی نوکری صرف اس لیے چنی تھی تاکہ کام کے اوقات مقرر ہونے کے سبب وہ اپنے چھوٹے بچوں کی پرورش اور گھریلو ذمہ داریاں اچھے طریقے سے نبھا سکیں۔ مگر کیمپس کے تعلیمی ماحول میں چار سال سے زائد کا عرصہ گزارنے کے دوران، کلاس رومز میں جاتے طلبہ کو دیکھ کر ان کے دل کے کسی کونے میں دوبارہ طالب علم بننے کی ننھی سی خواہش نے جنم لینا شروع کر دیا۔انہوں نے دیکھا کہ مشرقی تدریسی عمارتوں کے قریب واقع امتحانی مراکز میں ان سے بڑی عمر کے ایسے لوگ بھی پرچے دینے آتے ہیں جن کے بال سفید ہو چکے ہیں مگر ان کے اندر سیکھنے کی لگن جوان ہے۔ یہ دیکھ کر لی جیا نے خود سے کہا کہ ان کی عمر تو ابھی اس موڑ پر ہے جہاں وہ نہ بہت چھوٹی ہیں اور نہ ہی بوڑھی، تو پھر کیوں نہ زندگی کو ایک اور موقع دیا جائے۔فُل ٹائم جاب اور دو بچوں کی دیکھ بھال کے درمیان پڑھائی کے لیے وقت نکالنا ناممکن لگتا تھا، مگر پچھلے سال انہوں نے ہمت باندھی اور اپنے دن کے بچے کچے منٹوں کو پڑھائی میں بدلنا شروع کر دیا۔ موسیقی سننے کی شوقین لی جیا نے اپنے فارغ وقت میں گانوں کی جگہ ریکارڈ شدہ لیکچرز سننا شروع کیے تاکہ امتحانات کی تیاری ہو سکے۔

لی جیا نے ماضی میں جونیئر کالج سے بزنس انگلش کی تعلیم حاصل کی تھی، اور اگرچہ پڑھائی چھوڑے دس سال سے زیادہ ہو چکے تھے لیکن پھر بھی انہوں نے انگریزی دہرانا شروع کر دی لیکن اس بار ان کی منزل بالکل الگ تھی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے لا اسکول میں داخلے کا عزم کیا جو ان کے لیے ایک بالکل نیا شعبہ تھا۔ ان کا پختہ عزم تھا کہ انسان کو جب اپنے راستے کا درست ہونا معلوم ہو تو اسے تفکرات اور اندیشوں کو جھٹک کر قدم آگے بڑھا دینا چاہیے، کیونکہ مشکلات کے سامنے آنے پر ہی انسان کو اپنی اندرونی طاقت اور صلاحیت کا اندازہ ہوتا ہے۔تقریباً ایک سال کی انتھک محنت کا میٹھا پھل رواں اپریل میں اس وقت ملا جب چینگدو یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے لا اسکول میں ان کے ابتدائی داخلے کی باضابطہ تصدیق ہو گئی۔ان کی اس ساری مشقت کا ایک بڑا مقصد اپنے بچوں کے سامنے عملی مثال قائم کرنا بھی تھا۔ شام کے وقت باورچی خانے کی میز پر جب ان کے بچے اپنا ہوم ورک کرتے، تو لی جیا خود بھی کتابیں کھول کر ان کے ساتھ بیٹھ جاتیں۔ جب معصوم بچے پوچھتے کہ “امی، آپ اتنی بڑی ہو کر بھی کیوں پڑھ رہی ہیں؟” تو وہ مسکرا کر جواب دیتیں کہ تاکہ تم دیکھو کہ اس عمر میں بھی ماں نے سیکھنا نہیں چھوڑا، اور ہم دونوں مل کر ایک ساتھ زندگی میں آگے بڑھیں۔

اب ستمبر میں نیا تعلیمی سمسٹر شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے لیے لی جیا صفائی کی نوکری سے باقاعدہ استعفیٰ دے کر اپنی تمام تر توجہ فُل ٹائم طالبہ کے طور پر قانون کی تعلیم پر مرکوز کریں گی۔ کیمپس کے راستوں پر جھاڑو تھامنے والی ماں کا اب انہی عمارتوں کے لیکچر ہالز میں باوقار انداز میں بیٹھنا محنت کی عظمت کی لازوال مثال ہے۔ لی جیا کا یہ پیغام ہر خواب دیکھنے والے کے لیے روشنی کی کرن ہے کہ روزمرہ پیٹ پالنے کے لیے کام ضرور کریں مگر اپنے خوابوں کو کبھی نہ بھولیں، کیونکہ منزل پر پہنچنے کے بعد ان راستوں کی تکالیف خود بخود باعثِ فخر بن جاتی ہیں۔

محمد رضوان عارف کی مزید تحریرں پڑھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *