چین کی معیشت کے کئی پہیے.| تحریر: محمد رضوان عارف

Spread the love

کسی ملک کی معاشی سرگرمی کو سمجھنے کے لیے صرف بازاروں میں نظر آنے والی رونق کافی نہیں ہوتی بلکہ اس کی اصل تصویر اس وقت سامنے آتی ہے جب گوداموں میں سامان کی آمد و رفت، فیکٹریوں میں مشینوں کی پیداوار، سرحدوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت اور دنیا بھر کے ساتھ خدمات کی تجارت کو ایک ساتھ دیکھا جائے۔ چین کی معیشت کے حالیہ اعداد و شمار ایک ایسی ہی تصویر پیش کرتے ہیں، جہاں مختلف شعبے بیک وقت آگے بڑھ رہے ہیں اور ایک دوسرے کو سہارا دے رہے ہیں۔اس معاشی سرگرمی کی ایک اہم کڑی چین کا گودام اور ذخیرہ کاری کا شعبہ ہے۔ رواں سال مسلسل دوسرے ماہ اس شعبے کا کاروباری اشاریہ 50 فیصد سے اوپر رہا اور جولائی میں یہ 50.3 فیصد تک پہنچ گیا، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 0.1 پوائنٹ زیادہ ہے۔گرمیوں میں بجلی کی طلب بڑھنے سے کوئلے کی کھپت مضبوط رہی، جس کے نتیجے میں کوئلے سے متعلق گوداموں کی سرگرمیاں بھی بڑھیں۔ دوسری جانب گرمیوں کی تعطیلات، سفر اور باہر کھانے پینے کے بڑھتے رجحان نے غذائی اشیاءکے ذخیرہ کرنے کی طلب میں بھی اضافہ کیا یعنی لوگوں کے بدلتے معمولات کا اثر صرف بازاروں تک ہی نہیں پہنچا بلکہ گوداموں کی سرگرمیوں میں بھی صاف نظر آیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف سامان کی مقدار ہی نہیں بڑھی بلکہ اسے منتقل کرنے کی رفتار میں بھی بہتر ی آئی۔ اوسط ذخیرہ جاتی گردش کا اشاریہ 52.5 فیصد رہا، جو ایک ماہ پہلے کے مقابلے میں 3 پوائنٹس زیادہ ہے۔ روزگار کے حوالے سے بھی صورتحال حوصلہ افزا رہی اور متعلقہ اشاریہ 50.9 فیصد تک پہنچ گیا جس کا مطلب یہ ہے کہ گودام اور ذخیرہ کاری کا شعبہ نہ صرف کاروباری سرگرمی کو سہارا دے رہا ہے بلکہ روزگار پیدا کرنے کی اپنی صلاحیت بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔اب گودام سے نکل کر فیکٹری کا رخ کریں تو چین کی مشینری کی صنعت بھی اسی معاشی رفتار کی ایک اہم مثال بن کر سامنے آتی ہے۔ 2026 کی پہلی ششماہی میں بڑی مشینری کمپنیوں کی اضافی قدر میں 6.4 فیصد اضافہ ہوا۔ عمومی آلات، خصوصی آلات، گاڑیاں، برقی مشینری اور آلات سازی سمیت پانچ بڑے صنعتی شعبوں میں بھی پیداوار میں 6 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مشینری کی صنعت کی مجموعی کاروباری آمدنی بھی 16.1 کھرب یوآن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.5 فیصد زیادہ ہے۔

مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ برقی آلات، تعمیراتی مشینری، مشین ٹولز، روبوٹس اور ذہین مینوفیکچرنگ جیسے بعض شعبوں میں آمدنی کی شرح نمو 10 فیصد سے بھی زیادہ رہی۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ چین کی صنعتی ترقی اب روایتی مشینوں سے آگے بڑھ کر خودکار اور ذہین ٹیکنالوجی کی طرف جا رہی ہے۔عالمی مارکیٹ میں بھی اس صنعت کی موجودگی مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران چین کی مشینری کی مصنوعات کی درآمدات و برآمدات کی مجموعی مالیت 692.76 ارب امریکی ڈالر رہی۔ بیلٹ اینڈ روڈ اینیشی ایٹیوو شراکت دار ممالک، آر سی ای پی کے رکن ممالک، یورپی یونین اور آسیان کے ساتھ برآمدات میں بھی دو ہندسوں کی شرح سے اضافہ ہوا۔چین کی صنعتی تبدیلی کا ایک اور پہلو سبز توانائی ہے اور اسی عرصے میں جوہری بجلی کے آلات کی پیداوار میں 92 فیصد، آبی بجلی کے آلات میں 51.9 فیصد اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے والی ٹربائنوں کی پیداوار میں 11.5 فیصد اضافہ ہوا۔ چین کی معاشی سرگرمی کا دائرہ صرف صنعت اور تجارت تک محدود نہیں، جنوبی چین کے ہینگ چھن بندرگاہ پر جنوری سے جولائی تک سرحد پار گاڑیوں کی آمد و رفت 26 لاکھ 6 ہزار تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد زیادہ ہے۔ ہینگ چھن اور مکاؤ کے درمیان قائم یہ مشترکہ ایک مرحلے کا معائنہ نظام سفر اور تجارت کو مزید آسان بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اگر سروسز کی تجارت کو دیکھا جائے تو یہاں بھی رفتار کم نہیں ہوئی۔ 2026 کی پہلی ششماہی میں چین کی سروسز کی درآمدات و برآمدات تقریباً 3.78 کھرب یوآن تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.3 فیصد زیادہ ہیں اور سروسز کی برآمدات 17.6 فیصد بڑھ کر 1.5047 کھرب یوآن تک پہنچ گئیں۔

مضبوط معیشت صرف بڑی فیکٹریوں سے نہیں بنتی بلکہ اس کے پیچھے گودام سے لے کر بندرگاہوں، مشینری سے لے کر مصنوعی ذہانت، صنعت سے لے کر خدمات اور مقامی مارکیٹس سے لے کر عالمی تجارت تک ایک پورا نظام کام کرتا ہے۔ چین کی موجودہ پیش رفت کا سبق بھی یہی ہے کہ اگر معیشت کے مختلف پہیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ کر چلایا جائے، ٹیکنالوجی کو پیداوار سے ملایا جائے اور نئی صنعتوں کے ساتھ روایتی شعبوں کو بھی مضبوط بنایا جائے تو ترقی صرف اعداد و شمار میں نہیں رہتی بلکہ روزگار، کاروبار، تجارت اور عام زندگی میں بھی اس کے اثرات دکھائی دینے لگتے ہیں۔ یہی جامع اور متوازن ترقی کسی بھی معیشت کو وقتی رفتار سے آگے لے جا کر پائیدار کامیابی کی طرف لے جا سکتی ہے۔

محمد رضوان عارف کی مزید تحریرں پڑھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *