پالف کے زیرِ اہتمام ارشد قریشی کی کتاب ’’پندرہ دن کی زندگی‘‘ کی آن لائن تقریبِ رونمائی 8 اگست کو منعقد ہوگی۔
کراچی/ایڈیلیڈ ( ہم سماج ) پاکستان آسٹریلیا لٹریری فورم (پالف) انکارپوریٹڈ کے زیرِ اہتمام معروف صحافی، براڈکاسٹر، کالم نویس اور مصنف محمد ارشد قریشی کی نئی تصنیف ’’پندرہ دن کی زندگی‘‘ کی آن لائن تقریبِ رونمائی 8 اگست 2026 بروز ہفتہ منعقد ہوگی۔ تقریب میں پاکستان، آسٹریلیا، ملائیشیا سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ادباء، شعراء، محققین، دانشور اور ادب دوست افراد شرکت کریں گے۔
پالف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ’’پندرہ دن کی زندگی‘‘ مصنف کے حرمین شریفین کے روح پرور سفر، مشاہدات، احساسات اور فکری تجربات پر مبنی ایک منفرد تصنیف ہے، جس میں روحانیت، عقیدت، مشاہدے اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کو دلنشین انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ کتاب قارئین کو نہ صرف ایک روحانی سفر میں شریک کرتی ہے بلکہ انہیں فکری اور اخلاقی سطح پر بھی غور و فکر کی دعوت دیتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آسٹریلیا لٹریری فورم (پالف) ایک فعال بین الاقوامی ادبی و ثقافتی تنظیم ہے جو دنیا بھر میں اردو زبان و ادب کے فروغ، اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی، علمی و ادبی سرگرمیوں کے انعقاد اور مختلف ممالک کے ادبی حلقوں کے درمیان روابط کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل خدمات انجام دے رہی ہے۔ فورم اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ادب انسانوں کو ثقافت، زبان، عقیدے اور جغرافیائی سرحدوں سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
تقریب کی صدارت ممتاز محقق، ادیب، دانشور اور ماہرِ تعلیم ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی کریں گے، جبکہ مختلف علمی و ادبی شخصیات کتاب کے ادبی، فکری اور روحانی پہلوؤں پر اظہارِ خیال کریں گی۔ مقررین مصنف محمد ارشد قریشی کی صحافتی، ادبی اور فکری خدمات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
پالف کے ترجمان کے مطابق یہ تقریب فورم کے اس دیرینہ عزم کا تسلسل ہے جس کے تحت ایسی معیاری ادبی تخلیقات کو متعارف کرایا جاتا ہے جو نہ صرف ادب کے ذخیرے میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت فکری اور اخلاقی اقدار کے فروغ کا سبب بھی بنتی ہیں۔ فورم نے توقع ظاہر کی ہے کہ ’’پندرہ دن کی زندگی‘‘ اردو ادب، سفرنامہ نگاری اور روحانی ادب میں دلچسپی رکھنے والے قارئین کی توجہ حاصل کرے گی۔
تقریب 8 اگست 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12:30 بجے، آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ کے وقت کے مطابق شام 5:00 بجے جبکہ ملائیشیا کے وقت کے مطابق شام 3:00 بجے آن لائن منعقد ہوگی۔
پاکستان آسٹریلیا لٹریری فورم (پالف) نے اہلِ علم، ادباء، شعراء، محققین، طلبہ، صحافیوں، کمیونٹی رہنماؤں اور ادب سے شغف رکھنے والے تمام افراد کو تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محفل ادب، روحانیت، مشاہدے اور فکری مکالمے کا ایک خوبصورت امتزاج ثابت ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق تقریب میں شرکت کے لیے زوم میٹنگ کا لنک 7 اگست 2026 کو عوامی طور پر جاری کیا جائے گا۔
۔
