طورمک کے کریڈٹ ہنٹرز اور گمنام ہیروز۔| تحریر: عارف بلتستانی
طورمک ویلی، جو کبھی اپنی سرسبز وادیوں، بلند گلیشیئرز اور مہمان نواز لوگوں کے لیے مشہور تھی آج ایک تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ملبے اور کیچڑ کا منظر پیش کرتی ہے۔ گھر اجڑ گئے۔ کھیت بہہ گئے۔ پل ٹوٹ گئے۔ راستے بند ہو گئے اور دسیوں خاندان اپنی بنیادی ضروریات سے محروم ہو گئے۔ سیلاب کی تباہی کو کئی دن گزر گئے مگر تباہی کے زخم کے ساتھ ساتھ اب بھی سیلاب جاری ہے اور بہت سارے گھر اب بھی خطرے میں ہیں اور خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔
آج بھی ہمارے بزرگ اور نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت میدانِ عمل میں کھڑے ہیں۔ کوئی کمر سے رسی باندھ کر سیلابی ریلے میں اترتا اور بندھ نکالنے کی کوشش کرتا ہے تو کوئی اپنی جان خطرے میں ڈال کر راستے بحال کرتا ہے۔ کوئی پل کے لیے پتھر اٹھاتا ہے تو کوئی دور دراز سے سفیدے اور لکڑیاں اپنے کندھوں پر لاد کر لاتا ہے تاکہ ٹوٹے ہوئے پل دوبارہ جوڑے جا سکیں۔ یہ وہ خاموش مجاہد ہیں جو نہ کسی کیمرے کے منتظر ہیں نہ کسی پوسٹ کے اور نہ ہی کسی کریڈٹ کے۔ صبح سے شام تک اپنے لوگوں کے لیے جان کھپا کر خاموشی سے گھر لوٹ جاتے ہیں۔ شاید انہیں سوشل میڈیا کی دنیا کا کچھ علم نہ ہو مگر ان کے پسینے اور زخمی ہاتھ طورمک کی بحالی کی وہ داستان لکھ رہے ہیں جسے کوئی بیان نہیں لکھ سکتا۔
دوسری طرف افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض حکومتی نمائندے اور ذمہ داران حاضری، وعدوں اور بیانات کے بعد منظر سے غائب ہو گئے۔ اربوں روپے کے نقصانات کے مقابلے میں چند خیمے اور چند پیکٹ اشیائے خوردونوش کی تقسیم (وہ بھی نہیں معلوم حقدار تک پہنچے ہیں یا نہیں) کے بعد اگر امدادی سرگرمیاں ختم سمجھی جا رہی ہیں تو یہ متاثرین کے زخموں کے ساتھ مذاق ہے۔ تباہ شدہ پل بیانات سے نہیں بنتے، اجڑے گھر وعدوں سے آباد نہیں ہوتے اور بھوکے خاندان صرف سوشل میڈیا کے کریڈٹ سے نہیں پلتے۔ حکومت اور انتظامیہ کو یاد رکھنا چاہیے کہ سیلابی رلیف، بحالی اور تعمیرِ نو عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پوچھیں امداد کہاں ہے؟ مشینری کہاں ہے؟ بحالی کا منصوبہ کہاں ہے؟ اور ذمہ داران کا احتساب کب ہوگا؟
اس سے بھی زیادہ افسوسناک منظر یہ ہے کہ کچھ لوگ عملی خدمت سے زیادہ حکومت، نمائیندوں اور سماجی شخصیات کو کریڈٹ دینے اور خوشامدی کے دوڑ میں مصروف ہیں۔ یاد رکھنا چاہیے کہ کیمرے کے سامنے کھڑا ہونا آسان ہے مگر سیلابی پانی میں اتر کر پل بنانا آسان نہیں۔ پوسٹ لکھنا آسان ہے، مگر دور دراز سے لکڑیاں اور پتھر کندھوں پر اٹھا کر لانا آسان نہیں ہے۔ دعویٰ کرنا آسان ہے مگر جان خطرے میں ڈال کر کام کرنا اصل خدمت ہے۔ ہم ہر اس حکومتی نمائندے، ادارے، سماجی شخصیت اور فرد کی بھرپور تائید کرتے ہیں جو واقعی میدانِ عمل میں خلوص کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ جو کام کرے، اسے کریڈٹ ملنا چاہیے مگر جو صرف کریڈٹ لے، اسے کام کرنے والوں کا حق نہیں چھیننا چاہیے۔
عوام کو بھی سمجھنا ہوگا کہ جب تک حکومت سے اپنے حق کا مطالبہ نہیں کیا جائے گا، ریلیف اور امداد شاید وعدوں میں، بیانات میں اور اخباروں کی سرخیوں میں ہی سجتی رہے گی۔ اس لیے عوام اپنی مدد آپ کے تحت اتحاد و اتفاق کے ساتھ بحالی کا کام جاری رکھیں، مگر ساتھ ہی اپنے حق کے لیے پُرامن، منظم اور بھرپور آواز بھی بلند کریں۔ حکومت سے امداد مانگنا کسی پر احسان نہیں، اپنا حق مانگنا ہے اور حکومتی امداد دینا حکومت کا فرض ہے کسی فرد یا نمائندے کا ذاتی احسان نہیں۔ البتہ کسی فرد، ادارے یا نمائندے نے واقعی عملی خدمت کی ہے تو اس کی خدمات کا اعتراف ضرور ہونا چاہیے مگر صرف چند خیموں، چند پیکٹوں یا ایک دورے پر کسی کو مکمل نجات دہندہ اور ہیرو قرار دینا بھی درست نہیں۔
طورمک کے اصل ہیرو وہ گمنام بزرگ اور نوجوان ہیں جو آج بھی خاموشی سے سیلابی ریلوں میں اتر رہے ہیں پتھر اٹھا رہے ہیں، لکڑیاں کندھوں پر لا رہے ہیں اور اپنے ہاتھوں سے ٹوٹے ہوئے راستے اور پل جوڑ رہے ہیں۔ ان کا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں، مگر ان کا کردار تاریخ کے صفحات پر لکھا جا رہا ہے۔ اب وقت ہے کہ حکومت وعدوں سے آگے بڑھے، ذمہ داری قبول کرے، عملی بحالی شروع کرے اور ہر کوتاہی کا جواب دے اور عوام متحد ہو کر اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں۔ کیونکہ طورمک کو اب کریڈٹ نہیں کام چاہیے۔

👍👍👍