اکیسویں صدی کا خیابانی معجزہ اور بلتستانی عوام۔ | تحریر:عارف بلتستانی

Spread the love

 آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت نے ایران کی تاریخ میں ایک ایسا باب کھولا جسے زمانہ صرف ایک سانحہ نہیں بلکہ ایک عظیم بیداری کے عنوان سے یاد رکھے گا۔ دشمنوں نے گمان کیا تھا کہ رہبر کے خون سے اس ملت کی قوت بکھر جائے گی۔ قیادت کے بغیر صفیں منتشر ہو جائیں گی اور انقلاب کی شمع مدھم پڑ جائے گی۔ مگر منظر اس کے بالکل برعکس تھا۔ خبرِ شہادت کے ساتھ ہی ایران کی سڑکیں انسانوں کے سمندر سے بھر گئیں۔ یہ صرف غم کا اجتماع نہیں تھا بلکہ عہد کی تجدید تھی۔ ایک ایسی قوم کا اعلان جو اپنے رہبر کے خون کو شکست نہیں بلکہ نئی حیات کا پیغام سمجھتی ہے۔

گزشتہ اسی دنوں سے ایران کی گلیاں اور شاہراہیں ایک زندہ تاریخ کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ غروبِ آفتاب سے لے کر رات کی تاریکی تک عوام کا سیلاب کفِ خیابان پر کھڑا ہے۔ نہ کوئی جبر ہے اور نہ کوئی حکم، مگر دلوں میں ایک ہی صدا گونج رہی ہے کہ انقلاب زندہ ہے۔ یہ وہ قیام ہے جو صدیوں میں کبھی کبھار دیکھنے کو ملتا ہے۔ جب ایک قوم ایمان، شعور اور اتحاد کے ساتھ اٹھ کھڑی ہوتی ہے اور دنیا کو دکھا دیتی ہے کہ زندہ ملتیں آزمائش کو کمزوری نہیں بلکہ قوت میں بدل دیتی ہیں۔

رہبر کی شہادت نے گویا لاکھوں دلوں میں قیادت کا چراغ روشن کر دیا ہے۔ ہر نوجوان خود کو اس امانت کا محافظ سمجھتا ہے اور ہر بزرگ اپنے تجربے کو اس تحریک کی ڈھال بنا کر کھڑا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ایک شخصیت کے بجائے پوری ملت قیادت کے منصب پر فائز ہو گئی ہو۔ یہی وہ مقام ہے جہاں امت محض پیروکار نہیں رہتی بلکہ امامت کے درجے تک پہنچ جاتی ہے۔ ایرانی عوام کا سیاسی شعور اور دینی بصیرت اس حقیقت کی دلیل ہے کہ جب ایک قوم بیدار ہو جائے تو وہ اپنے وطن اور اپنے نظریے کی حفاظت خود سنبھال لیتی ہے۔

اس قیام کا سب سے درخشاں پہلو نئی نسل کا کردار ہے۔ وہ نسل جسے کبھی بے حس یا مغلوبِ ثقافت سمجھا جاتا تھا، آج انقلاب کی صفِ اول میں کھڑی نظر آتی ہے۔ ان کی آنکھوں میں غیرت کی چمک، ان کے لہجوں میں یقین کی حرارت اور ان کے قدموں میں ایک ایسا عزم ہے جو تاریخ کو نئی سمت دے سکتا ہے۔ یہی وہ منظر ہے جہاں قرآن کی صدا حقیقت بن کر سامنے آتی ہے، *واعتصموا بحبل اللہ جمیعاً ولا تفرقوا…* خدا ایک، راہ ایک اور رہبر ایک اور یہی وحدت اس قیام کو اکیسویں صدی کا حقیقی خیابانی معجزہ بنا دیتی ہے۔

یہ داستان صرف ایران تک محدود نہیں بلکہ ہر اس معاشرے کے لیے ایک بامعنی پیغام رکھتی ہے جو اپنے مستقبل کو سنوارنا چاہتا ہے۔ اگر ہم اپنے خطے بلتستان کی طرف دیکھیں تو یہاں اس وقت سیاسی سرگرمیاں اور انتخابی فضا اپنے عروج پر ہے۔ لیکن وہاں کی سیاست اکثر قومیت، علاقائیت، گروہ بندی اور طبقاتی وابستگیوں کے گرد گھومتی نظر آتی ہے۔ جب سیاست کا معیار  صرف قومیت، علاقائیت، تعلقات، وابستگیوں اور محدود شناختوں تک محدود ہو جائے تو اجتماعی شعور سمٹنے لگتا ہے اور قوم کی اصل طاقت کمزور پڑ جاتی ہے۔

ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ قیادت اور سیاست کا معیار ان تنگ دائروں سے بلند ہو کر انسانی اقدار، قومی خدمت اور اجتماعی شعور پر قائم ہو۔ اصل معیار یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کون کس قوم، علاقے یا گروہ سے تعلق رکھتا ہے، بلکہ یہ ہونا چاہیے کہ کون انسانیت، اخلاص اور شعور کے ساتھ معاشرے کو بلندیوں کی طرف لے جا سکتا ہے۔ وہ قیادت جو عوام کے دلوں میں اپنی آب و خاک کی حفاظت، قومی عزت کی پاسداری اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس بیدار کرے۔ جو لوگوں کو یہ باور کرائے کہ وطن کی عزت اور تعمیر ہر فرد کی مشترکہ امانت ہے۔ وہی حقیقی معنوں میں قوم کو آگے لے جا سکتی ہے۔  جب کسی قوم میں شعور بیدار ہو جائے تو سیاست مفادات اور گروہ بندی سے بلند ہو کر قومی خدمت اور انسانی اقدار کی طرف بڑھنے لگتی ہے۔ ایسی قوم کے افراد تماشائی نہیں رہتے بلکہ اپنے وطن کی عزت، سلامتی اور مستقبل کے نگہبان بن جاتے ہیں۔ اور جب ایک ملت اپنی آب و خاک کی حفاظت کو ذاتی فریضہ سمجھ لے تو تاریخ بھی اس کے قدموں کے ساتھ اپنا رخ بدل دیتی ہے۔ شرط یہ ہے باصلاحیت افراد کا انتخاب کرے۔۔

عارف بلتستانی کی مزید تحریریں پڑھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *