جنگ کی راتوں میں بیدار قومیں۔| تحریر: عارف بلتستانی
جنگِ رمضان (ایران اسرائیل جنگ) جاری ہے۔ آج اٹھائیں شب ہے۔ رات کے تقریباً سوا گیارہ بجے ہیں ۔ ماہ رمضان سے لیکر اب تک کی ہر شب ایک نئی بیداری کا اعلان بن کر ابھر رہی ہے۔ ایران کے شہروں، خاص طور پر قم جیسے مقدس مقامات پر انقلاب اسلامی کی حمایت میں احتجاج جاری ہے۔ ان اجتماعی احتجاج میں بچے، بوڑھے، مرد، عورت ، جوان، نوجوانوں اور فیملی ممبران سب شامل ہیں۔ یہ اجتماعات محض مذہبی رسومات نہیں بلکہ ایک اجتماعی شعور اور بقا کی جنگ کی تیاری کا مظہر ہیں۔ یہ مناظر اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ قوم اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت، اپنی تہذیب کی حفاظت اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کس طرح متحد ہو رہی ہے۔
آج بچوں کے ہاتھوں میں محض پرچم نہیں، بلکہ علم کا دیا بھی ہے۔ شب کی تاریکی اور جنگی جہازوں اور میزائلوں کے نیچے کھلے میدان اور شاہراہوں پر “چلڈرن ورلڈ” (دنیای کودکان) کے نام سے قائم کیے گئے فکری و علمی اسٹالز، جہاں مصوری، نقاشی، اور آزاد مباحثوں کے ذریعے ننھے ذہنوں کو تربیت دی جا رہی ہے، وہ دشمن کے پروپیگنڈے کے خلاف ایک دفاعی لکیر ہیں۔
یہ ننھے فنکار، یہ سوال کرنے والے بچے، یہ قومی اور مذہبی ترانے گانے والے نوجوان، یہ سب آنے والے کل کے وہ سپاہی ہیں جو علم، ہنر اور اخلاقی مضبوطی کے ساتھ اپنے ملک اور اپنی ملت کی دفاع کےلئے اٹھ کھڑے ہوں گے۔ آج کی دنیا میں، جہاں معلومات کی جنگ جاری ہے، وہاں علم اور فکری پختگی ہی سب سے بڑا ہتھیار ہے۔
دوسری طرف، فیملی اجتماعات ہیں۔ اعیاد نورز کے دنوں میں بھی احتجاج کو تفریح کے ساتھ ساتھ واجبی فریضہ سمجھ کر شرکت کر رہے ہیں، جو معاشرتی استحکام اور اتحاد کی عملی تصویر پیش کر رہے ہیں۔ پرچمِ ملت ہاتھوں میں تھامے، نوجوان اور بزرگ سب مل کر ایک آواز میں اپنی شناخت، اپنی اقدار اور وطن کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں۔ یہ شعار محض احتجاج نہیں، بلکہ ظلم کے سامنے ڈٹ جانے، اور ایک نئی، مضبوط اور خوددار معاشرے کی تعمیر کے عزم کا اعادہ ہیں۔
اس وقت، جب خطے میں دشمن کے فضائی اور میزائل حملے اپنے عروج پر ہیں، فیملی کے تمام افراد سمیت مختلف اقوام کی یہ اتحاد، ان کی اخلاقی جرأت، اور اپنی تہذیب پر ان کا فخر، دشمن کے حوصلے پست کرنے کے لیے کافی ہے۔ ہر فرد، اپنی جگہ پر، ایک مجاہد ہے جو علم، اتحاد اور اخلاقی اقدار کے ہتھیاروں سے لیس ہے۔
شہید مرتضیٰ آوینی کے افکار اور نظریات آج حقیقت کے طور پر دیکھ رہا ہوں۔ بقول شہید “ہماری آج کی نسل مُظاہروں میں، حُسینیہ میں اور مجالس میں پل بڑھ کر جوان ہو رہی ہے۔ اُن کے ماں کے دودھ میں حسینیؑ اشک شامل ہیں اور عشقِ حسینؑ اُن کی رگوں میں دوڑ رہا ہے، وہ مائیں جن کے پاک دامن، مجاہد مومنین کی پرورش گاہ ہے کہ اس کُرہ زمین کا مستقبل اپنے طاقتور ہاتھوں سے لکھنے والے ہیں، انقلاب اور عالمی حکومتِ عدل پوری دُنیا پر قائم کرنے والے ہیں۔ دشمن کو خود کو دھوکہ دینے میں مصروف رہنے دو، ہماری شکست کا منتظر رہنے دو اور اُسے عاشورا کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلق سے غافل رہنے دو۔مستقبل ہمارے ہاتھوں میں ہی ہے۔”
یہ آج کا منظر ہے ماہ مبارک رمضان سے لیکر آج تک کی ہر شب، ایران کے شہروں میں منعقد ہونے والے یہ اجتماعات، اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ قوم اپنی بقا کی جنگ لڑنے کے لیے تیار ہے۔ یہ جنگ صرف فوجی یا سیاسی نہیں، بلکہ فکری، ثقافتی اور اخلاقی بھی ہے۔ ان حالات میں، ہمیں اپنی ثقافتی جڑوں کو مضبوط کرنا ہے، اپنے بچوں کی تربیت کو اولین ترجیح دینی ہے، اور دشمن کو یہ باور کرانا ہے کہ ہم اپنی شناخت اور اپنے مفادات کا دفاع کرنا جانتے ہیں تو یہ وقت غفلت کا نہیں، بلکہ بیداری، اتحاد اور مقاومت کا ہے۔ یہی ہمارے اسلاف کی روش ہے۔
دنیا بھر کے مسلم ممالک کے نوجوانوں، بچوں، تربیتی اداروں اور تنظیموں کے لیے یہ ایک عملی نمونہ ہے کہ کس طرح موجودہ حالات کا سامنا کیا جائے کہ
# احتجاجات میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے فکری، علمی اور ہنری مراکز کو فروغ دیں۔
# اپنے بیانیے کی مضبوطی اور معاشرتی بیداری کےلئے خاندانوں کو منظم کریں۔
# اپنی تاریخ، اپنی اقدار اور اپنے ثقافتی ورثے سے مضبوط رشتہ استوار کریں۔
# دشمن کے عزائم اور پروپیگنڈے کا مقابلہ اخلاقی اور فکری سطح پر کریں۔
# گروہی و تنظیمی جھنڈوں کے بجائے ملی اور اتحادی پرچم کا فروغ دیں۔
# ملی نغموں, نعروں اور ترانوں میں حماسی انداز لے آئیں
یہ سب ہو تو اتحاد و وحدت کی فضا قائم ہوگی۔ جو خود دشمن کو توڑنے کا ایک اسلحہ ہے۔ اتحاد و اتفاق، عزمِ استقامت کے ساتھ، جنگی حالات میں بیدار قوموں کی پہچان ہے۔ یہی وہ قومیں ہیں جو دوسروں کے لیے روشن مثال بنتی ہیں۔ یہ وقت ہے کہ ہم سب مل کر، علم اور اتحاد کو اپنے سب سے مؤثر ہتھیار بنائیں۔ علم و اتحاد صرف عسکری، فکری، میڈیا یا نفسیاتی وار کا بہترین دفاع ہی نہیں، بلکہ یہ دشمن کے حوصلے پست کرنے اور اس کی شکست کو یقینی بنانے کا سب سے مؤثر اور انقلابی راستہ ہے۔
