پاکستان ایک نازک موڑ پر۔|تحریر: عارف بلتستانی
ہر ملک اپنے مفادات کا اسیر ہوتا ہے۔ یہ مفادات ملک کی بنیادی قرارداد یا آئین کے گرد گھومتے ہیں۔ ہر ریاست کی خارجہ پالیسی اس کی بقا اور شناخت کا آئینہ ہوتی ہے۔ پاکستان، ایک ایسے خطے میں واقع ہے جہاں جغرافیائی، نظریاتی، اور سیاسی پیچیدگیاں اسے مسلسل آزمائش میں ڈالتی ہیں۔ آج، پاکستان ایک ایسے نازک موڑ پر کھڑا ہے جہاں خارجہ پالیسی کے فیصلے محض سفارتی تدبر کا معاملہ نہیں، بلکہ ملک کی بقا اور نظریاتی اساس کا امتحان ہیں۔
یہ وہ دو راہہ ہے جو غلامی اور خودمختاری کے درمیان فیصلہ کن ہے۔ ایک طرف وہ عرب ریاستیں ہیں جنہیں کبھی اسلامی اتحاد اور بھائی چارے کا علمبردار سمجھا جاتا تھا، لیکن آج ان کی خارجہ پالیسیوں کا رخ تشویشناک حد تک تبدیل ہو چکا ہے۔ اپنے آقا، امریکی مفادات کی خاطر، ان ریاستوں نے نہ صرف اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لایا ہے، بلکہ اسلامی دنیا کے بنیادی اصولوں اور اخلاقیات کو بھی پس پشت ڈال دیا ہے۔ یہ غلامی کی وہ انتہا ہے جہاں امریکہ اور اسرائیل جیسے عالمی مجرم ممالک کے مفادات کو اپنے، بلکہ عالمِ اسلام کے مفادات پر ترجیح دی جا رہی ہے۔
ان پالیسیوں کا نتیجہ یہ ہے کہ وہ نہ اپنے اصل نظریات پر قائم رہ سکی ہیں، اور نہ ہی ان کےآقاؤں نے انہیں کوئی حقیقی مقام دیا ہے۔ وہ آج ایسی پوزیشن میں ہیں جہاں انہیں ہر زاویے سے ذلت اور مار کا سامنا ہے۔ اسلام اور قدس کے دشمنوں کی حفاظت میں، انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ جب ان کی ضرورت ختم ہو جائے گی، تو ان غلاموں کا کیا حشر ہوگا۔ یہ صورتحال محض سفارتی نہیں، بلکہ ایک اخلاقی اور نظریاتی انحراف کی عکاسی کرتی ہے، جسے تاریخ ندامت سے لکھے گی۔
اس صورتحال کے برعکس، ایران، پاکستان کا جغرافیائی پڑوسی، ایک مختلف اور قابلِ تحسین کردار ادا کرتا نظر آتا ہے۔ اس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ اس کی قیادت، اس کے عوام، سب کی پاکستانیوں کے لیے محبت اور احترام کی ایک الگ ہی کہانی ہے۔
ایرانی سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ائی کا عید الفطر کے خطبے میں پاکستانی عوام کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے گریہ کرنا اور جدید سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ائ کا عید الفطر کے پیغام میں پاکستان اور پاکستانی عوام کےلئے خاص الفت و محبت کا اظہار کرنا محض سفارتی رشتے نہیں، بلکہ دلوں کا تعلق ہے۔ ایران کا یہ وصف کہ وہ ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑا رہا ہے، اسے دنیا کی نگاہ میں ایک منفرد مقام دیتا ہے۔ یہ اخلاقی مضبوطی ہی اس کی اصل پہچان ہے۔
آج جب اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بادل گہرے ہو رہے ہیں، پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر ہے۔ کیا ہم اپنی اساس، یعنی “قرارداد پاکستان” کے اصولوں پر قائم رہیں گے، جو ہماری سلامتی اور خود مختاری کی ضمانت ہے؟ یا ہم ان خلیجی ممالک کے ساتھ کھڑے ہوں گے جو آج امریکہ اور اسرائیل کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں؟ یہ محض جغرافیائی قربت کا معاملہ نہیں، بلکہ ایک نظریاتی اور سلامتی کا سنگین خطرہ ہے۔ یہود و ہنود کی نظریں اب پہلے سے زیادہ پاکستان پر بھی مرکوز ہیں، خاص طور پر اگر پاکستان خطے میں طاقت کے بدلتے توازن کو نظر انداز کرے۔ یہ وہ خطرہ ہے جو پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی اساس کو للکار رہا ہے۔
اس نازک صورتحال میں، جذباتی بیانات سے آگے بڑھ کر، عقل و دانش سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ اربابِ اختیار کو یہ سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کا اصل مفاد خودمختاری میں ہے۔ عرب ممالک کی طرح امریکہ اور اسرائیل کی اندھی تقلید میں، ہم نہ صرف اپنی شناخت کھو دیں گے، بلکہ اپنی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیں گے۔ خلیجی ممالک کی حالت ہم آج ایران-اسرائیل جنگ میں مشاہدہ کر رہے ہیں۔
اس کے برعکس، ایران کے ساتھ مضبوط، اصولوں پر مبنی اور خودمختاری کو برقرار رکھتے ہوئے تعلقات ہمیں خطے میں استحکام اور سلامتی فراہم کر سکتے ہیں۔ “تجربہ” اس کی بہترین دلیل ہے۔ جہاں تمام تر دنیا، حتیٰ سپر پاور بھی ایران کی جنگی صلاحیتوں کو دیکھ کر انگشت بدنداں ہیں۔ ایران نے امریکہ و اسرائیل کو ناکوں چنے چبوا دیے ہیں۔ وہ مغربی ایشیا میں اپنی تمام تر قوتوں کے باوجود بدترین شکست کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان اگر ایران کے ساتھ کھڑا ہو جائے تو یہ صرف جغرافیائی قربت نہیں، بلکہ مشترکہ دشمنوں کے خلاف ایک نظریاتی اور سلامتی کا مورچہ بنانے کا ایک سنہری موقع ہے۔
مورچہ عوام کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ عوام میدانِ جنگ کا ایک اہم حصہ ہیں۔ لہذا عوام کی آواز سنی جانی چاہیے، اور حکومتی پالیسیوں میں اس کی عکاسی ہونی چاہیے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی خارجہ پالیسی بنائے جو ملک کے مفادات، اخلاقیات، اور اسلامی اصولوں سے ہم آہنگ ہو۔ غلط راستے ہمیں صرف ذلتوں میں مبتلا کریں گے، جبکہ درست فیصلہ ہمیں مضبوط بنائے گا۔ ہمیں وہ راستہ چننا ہے جو ہمیں کسی کا غلام نہ بنائے، بلکہ خود کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے۔ یہ ہر پاکستانی کے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہے کہ وہ اپنے ملک کی سمت کا تعین کرے اور اپنی آواز بلند کرے۔ فیصلہ ساز اداروں کو مجبور کریں کہ درست فیصلے کا انتخاب کریں۔ تاکہ محفوظ، مقتدر اور باوقار رہے۔
